دنیائے کرکٹ کے ’گولڈن بوائے‘ کرس گیل کا سنہرا بلّا
ویسٹ انڈیز کے کرس گیل سنہرے بیٹ یعنی بلّے کے ساتھ کھیلیں گے۔ ان کے لیے بلّے تیار کرنے والے ادارے اسپارٹن نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایسا سنہرا بلّا تیار کیا ہے، جو گیل آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ میں استعمال کریں گے۔ یہ دنیا کا پہلا بلّا ہوگا جس کی تیاری کے دوران سنہرے رنگ کااستعمال ہوا ہے۔
کرس گیل آج شب برسبین میں برسبین ہیٹ کے خلاف مقابلے میں اسی سنہری بلّے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ وہ بی بی ایل میں ملبورن رینیگیڈز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اسپارٹن کے مالک کنل شرما کہتے ہیں کہ بلّے پر سنہرے رنگ کا خوبصورت چھڑکاؤ کیا گیا ہے، یہ ایسی چیز ہے جسے پہلے کبھی کرکٹ میں نہیں دیکھا گیا۔ دراصل ہم نے بچوں سے پوچھا تھا کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں؟ تو ان کا جواب تھا کہ وہ رنگین بلّا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ تو ہم نے سوچا کہ آخر ہم بلّے کو زیادہ پرکشش کیوں نہ بنائیں۔ بس یہیں سے خیال آیا اور پھر ہم نے بلّے کی لکڑی کوسنہرا رنگ پلایا اور اس پر چمکتا دمکتا سنہرا رنگ کر بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں بلّے میں اصلی سونے کے استعمال کا منصوبہ تھا لیکن غیر قانونی ہونے کی وجہ سے اس کا ارادہ ترک کردیا گیا۔ اگر ایسا ہو جاتا تو واقعی 1979ء میں ڈینس للی کی جانب سے المونیم کے بلّے کے استعمال کے بعد ویسا ہی ایک نیا تنازع جنم لیتا۔
اسپارٹن کا کہنا ہے کہ بلّے میں کوئی دھات استعمال نہیں کی گئی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اشارہ کیا ہے کہ گیل کا سنہرا بلّا اگر لکڑی کا ہے تو اس کے قانونی ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔