کون کتنے پانی میں؟ اسلام آباد یونائیٹڈ

0 1,070

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) قومی کرکٹ کے مستقبل کا تعین کرے گی اور اہم ترین مرحلہ یعنی ٹیموں کا انتخاب مکمل ہونے کے بعد تو دلچسپی اور بڑھ گئی ہے۔ اب معلوم ہو چکا ہے کہ کون سے کھلاڑی کس ٹیم سے کھیلیں گے اور کاغذ پر کون کتنا مضبوط ہے۔ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ایسا طریقہ اپنایا گیا جس سے مقابلے کی فضا برقرار رہے۔ لیکن کیا اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ نے اپنی ٹیموں کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا ہے؟ اسکواڈز دیکھ کر اندازہ لگاتے ہیں کہ کون سی ٹیم کس پہلو سے مضبوط ہے اور اس کی کمزوریاں کیا کیا ہیں؟ آئیے پہلی قسط میں اسلام یونائیٹڈ کا جائزہ لیتے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

سب سے پہلے بات کرتے ہیں وفاقی دارالحکومت کے نام پر بنائی گئي اسلام آباد یونائیٹڈ کی۔ تقریباً تمام کرکٹ حلقے اسے بہت متوازن دستہ سمجھ رہے ہیں اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں کافی سوچ بچار اور بھرپور منصوبہ بندی نظر آتی ہے۔ قیادت ممکنہ طور پر پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے پاس ہوگی جنہیں مشہور آل راؤنڈر شین واٹسن، آندرے رسل، محمد حفیظ اور محمد عرفان اور نئے خون عمر امین، بابر اعظم اور رمان رئیس کا ساتھ حاصل ہوگا۔ لیکن محمد سمیع اور خالد لطیف کے انتخابات پر کافی سوالات اٹھ رہے ہیں۔خالد لطیف ایکروزہ میں تو 37.38 کے اوسط سے 8180 رنز بنا چکے ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں وہ کبھی اپنا لوہا نہیں منوا سکے۔دوسری طرف محمد سمیع لگ بھگ 15 سال تک بین الاقوامی کرکٹ میں رہنے کے باوجود خود کو منوا نہیں پائے۔ بارہا موقع دیے گئے لیکن سمیع اپنی تیز گیندبازی سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ ان کے "کارناموں" میں تازہ اضافہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے حالیہ فائنل کی صورت میں ہوا جہاں وہ آخری اوور میں 10 رنز کا دفاع نہ کرسکے۔

کمزوریاں

آندرے رسل کی موجودگی یقیناً مخالفین کے لیے پریشان کن ہوگی لیکن اگر وہ جلد آؤٹ ہوگئے تو مڈل آرڈر میں اسلام آباد کو مزید کوئی سہارا حاصل نہیں۔ یہاں بابر اعظم اور عمر امین پر تکیہ کرنے سے زیادہ بہتر سیم بلنگز اور بریڈ ہیڈن ہوں گے۔ سوال صرف اتنا ہے کہ کیا 38 سال کے ہیڈن اب بھی وہی کارکردگی دکھا پائیں گے، جن کی ان سے امید کی جا رہی ہے؟

حیران کن نام

ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر کامران غلام کو سب سے نظر انداز کیا لیکن اسلام آباد نے یہ غلطی نہیں کی اور انہیں چن لیا۔ کامران نہ صرف اچھی بلے بازی کرتے ہیں بلکہ بائیں ہاتھ سے گیندبازی کا ہنر بھی جانتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ سیموئل بدری کے ساتھ بطور اسپن گیندباز ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

دستہ

اگر یہ پوچھا جائے کہ اسلام آباد کو کن کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے تو ہماری نظر میں یہ ٹیم ہوگی۔ شین واٹسن، شرجیل خان، بابر اعظم، مصباح الحق، عمر امین، سیم بلنگز، آندرے رسل، کامران غلام، سیموئل بدری، محمد عرفان اور رمان رئیس۔

ان کھلاڑيوں کے علاوہ اسلام آباد کو عماد بٹ، محمد سمیع، خالد لطیف، بریڈ ہیڈن اور عمران خان کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔

اضافی کھلاڑی

اسلام آباد نے ضرورت کے لیے چار مزید کھلاڑی چنے ہیں جن میں اشعر زیدی، سعید اجمل، حسین طلعت اور عمر صدیق شامل ہیں۔ ان میں سے کم از کم اشعر زیدی تو اس قابل تھے کہ انہیں 16 رکنی ابتدائی دستے میں شامل کیا جاتا۔

Print