کوسال پیریرا پر چار سال پابندی کا خطرہ

0 1,033

اسپاٹ فکسنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں، سلمان بٹ، محمد آصف، محمد عامر اور دانش کنیریا، ان کے علاوہ مروین ویسٹ فیلڈ، مارلون سیموئلز، یا پھر باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے سعید اجمل، محمد حفیظ، سنیل نرائن اور دیگر گیندبازوں پر پابندی تو لگی ہی لیکن اب ایک نئی پابندی کا بڑا شکار سامنے آنے والا ہے۔ یہ سری لنکا کے جارحانہ بلے باز کوسال پیریرا ہیں، جن کو چار سال کی پابندی کا سامنا ہے کیونکہ ان کا ڈوپ ٹیسٹ ناکام ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مطابق ان سے حاصل کیے گئے نمونے میں ممنوعہ اجزا کی آمیزش پائی گئی ہے۔ یہ نمونے گزشتہ سال اکتوبر میں لیے گئے تھے۔ گو کہ ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے لیکن انہیں زیادہ سے زیادہ چار سال کی پابندی بھی بھگتنا پڑ سکتی ہے۔ البتہ انہیں اسی عرصے لیے گئے دیگر نمونوں کی جانچ کی اپیل کا اختیار حاصل ہوگا۔

کوسال دورۂ نیوزی لینڈ پر موجود تھے جہاں 7 دسمبر کو یہ رپورٹ آنے کے بعد انہیں واپس بلا لیا گیا ہے۔ اس معاملے پر سری لنکا کرکٹ بورڈ نے اپیل کرنے اور پابندی کو کم سے کم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ استعمال کردہ ممنوعہ جز کیا تھا۔

عالمی کپ 2011ء میں اوپل تھارنگا پر بھی تین ماہ کی پابندی لگی تھی کیونکہ انہوں نے ممنوعہ دوا استعمال کی تھی۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے صرف تین ماہ قبل ایک اہم اور جارحانہ بلے باز کا یوں باہر ہو جانا سری لنکا کے لیے بہت بری خبر ہے کیونکہ اس نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے۔