نیوزی لینڈ کی جاندار کارکردگی، سری لنکا پہلا ایک روزہ بری طرح ہار گیا

0 1,019

نیوزی لینڈ نے پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کے پہلے معرکے میں سری لنکا کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کرلی ہے۔

مہمان کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ اِس اُمید کے ساتھ کیا تھا کہ بلے بازی میں میدان مار لیں گے، مگر یا تو وہ وکٹ کو صحیح طرح سمجھ نہیں سکے یا پھر بلے باز ٹیسٹ سیریز میں کھوئی ہوئی فارم اب تک تلاش کرنے میں ناکام رہے کہ پوری ٹیم محض 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اننگز کے آغاز سے ہی سری لنکا کے بلے باز پریشان دکھائی دیے، اور ان کی بدحواسی کا یہ عالم تھا کہ آدھی ٹیم صرف 27 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ یہ منظر دیکھ کر گمان ہو رہا تھا کہ شاید سری لنکا 50 کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے لیکن ملنڈا سری وردنا اور نووان کولاسیکرا نے اس ہزیمت سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چھٹی وکٹ 65 رنز پر گرنے کے بعد دونوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 98 رنز جوڑے۔ سری وردنا 66 اور کولاسیکرا 58 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور ان دونوں کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی وجہ سے سری لنکا 188 رنز بنانے میں کامیاب ہوا، جو اتنی جان توڑ کوشش کے باوجود 'اونٹ کے منہ میں زیرہ' کے برابر تھا۔

سری وردنا اور کولاسیکرا نے 124 جبکہ باقی پوری ٹیم نے 56 رنز بنائے، اور آٹھ کھلاڑیوں کی اننگز تو دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے تمام ہی گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن اصل ضربیں میٹ ہنری نے پہنچائیں، جنہوں نے چار کھلاڑي آؤٹ کیا۔ ڈوگ بریسویل نے تین، مچل میک کلیناگھن نے دو اور ایڈم ملنے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے دفاع کے لیے سری لنکا کے گیندباز کچھ سوچتے اور عمل میں لاتے، اس سے پہلے ہی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے جارحانہ حملے شروع کردی۔ 189 رنز کا ہدف صرف 21 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنرز مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم نے ابتدائی 10 اوورز میں ہی 108 رنز جڑ ڈالے۔

حال ہی میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے برینڈن میک کولم نے صرف ٹیم ہی نہیں بلکہ اس حملے کی بھی قیادت کی۔ 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے انہوں نے صر 25 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔ سری لنکا کی رہی سہی امیدوں پر پانی دوسرے کنارے سے مارٹن گپٹل نے پھیرا۔ جنہوں نے 9 چوکوں اور 4 چھکوں سے 55 گیندوں پر 79 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

134 رنز تو ان دونوں بلے بازوں ہی نے بنا لیے تھے، باقی جو کام رہ گیا تھا وہ آنے والے بیٹسمین پورا کرگئے۔ یہاں تک کہ 21 واں اوور مکمل ہوتے ہی نیوزی لینڈ 7 وکٹوں سے جیت گیا۔

بلے بازی کے ساتھ ساتھ سری لنکا کی باؤلنگ بھی کتنی ناکام رہی، اس کا ثبوت یہ ہے کہ 21 اوورز کے لیے میتھیوز نے 7 گیندباز آزما لیے لیکن کوئی ان کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکا۔ بلے بازی کے بعد سری وردنا ہی کو دو وکٹیں ملیں، لیکن اس کے لیے انہوں نے پانچ اوورز میں 45 رنز دیے۔

آخر میں میٹ ہنری کو شاندار باؤلنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

دوسرا ایک روزہ مقابلہ 28 دسمبر کو کرائسٹ چرچ کے اسی میدان پر ہوگا۔