بگ بیش لیگ میں ملبورن مقابلہ، ریکارڈ 80 ہزار تماشائی میدان میں

0 1,008

بگ بیش لیگ 2016ء کا سب سے بڑا مقابلہ، جب ملبورن میں شہر کی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مقابل آئیں تو گویا پورا شہر کی امنڈ آیا۔ ریکارڈ 80 ہزار تماشائی سنیچر کی شب اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے میدان میں موجود تھے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔

ملبورن اسٹارز اور ملبورن رینیگیڈز کے مابین کھیلے گئے اس مقابلے میں ملبورن اسٹارز نے لیوک رائٹ کی دھواں دار سنچری کی بدولت 162 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ نہ صرف تماشائی مقابلے سے بہت محظوظ ہوئے بلکہ کھلاڑیوں کو بھی پون لاکھ سے زیادہ شائقین کرکٹ کے سامنے کارکردگی دکھاتے ہوئے خوب جوش آیا اور سب سے بڑھ کر کرکٹ آسٹریلیا بہت خوش ہوا کیونکہ بگ بیش لیگ اب مکمل طور پر مستحکم ہو چکا ہے اور یہی نہیں خواتین کی لیگ میں بھی ملبورن کی دونوں ٹیموں کا مقابلہ دیکھنے کے لیے 13 ہزار تماشائی آئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا ترجمان نے بتایا کہ سنیچر کی شب ہونے والے میچ میں 80 ہزار 883 تماشائیوں نے شرکت کی اور یوں ایڈیلیڈ اوول کا 52 ہزار 637 تماشائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بورڈ کے ایگزیکٹو جنرل مینیجر آپریشنز مائیک میک کینا کا کہنا کہ "یہ کرکٹ کے لیے ایک زبردست دن تھا، ہم اتنی بڑی تعداد میں تماشائیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔ ایک مقامی مقابلے کے دوران میدان میں 80 ہزار سے زیادہ تماشائیوں کی موجودگی لیگ کرکٹ کی مختصر تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔" انہوں نے خواتین کے مقابلے میں بھی ہزاروں تماشائیوں کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ خواتین کی کرکٹ آسٹریلیا میں کتنی اہمیت رکھتی ہے اور کس قدر مقبول ہو رہی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ان تماشائیوں سے معذرت کی جو ریکارڈ تماشائیوں کو سنبھالنے کے لیے بڑھائے گئے حفاظتی انتظامات کی وجہ سے میدان میں داخل نہ ہوسکے۔