جوناتھن ٹراٹ انگلستان کے سال کے بہترین کھلاڑی قرار

0 1,035

بلے باز جوناتھن ٹراٹ کو انگلستان کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انہیں یہ اعزاز بدھ کو تاریخی میدان لارڈز میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سالانہ ایوارڈز کی تقریب میں دیا گیا۔ یہ اعزاز کرکٹ کے حوالے سے برطانوی ذرائع ابلاغ کے ووٹوں کی بنیاد پر اس کھلاڑی کو دیا گیا جس نے 2010ء کے بین الاقوامی سیزن سے لے کر عالمی کپ کے اختتام تک انگلستان کی کارکردگی پر سب سے زیادہ اثر ڈالا۔

جوناتھن ٹراٹ، لیڈیا گرین وے اور امیش والیجی سال کے بہترین کھلاڑیوں کے اعزازات کے ساتھ

جوناتھن ٹراٹ نے اس اعزاز کے حصول پر کہا کہ یہ ان کی کرکٹ کیریئر کا سب سے بہترین سال رہا اور وہ اس اعزاز کے حصول پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگلستان کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز ہے۔ میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی وابستگی اور مدد کے بغیر ہر گز یہ ایوارڈ حاصل نہ کر پاتا۔

مذکورہ عرصے کے دوران جوناتھن ٹراٹ نے مختلف طرز کی کرکٹ میں مجموعی طور پر 32 مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کی اور 68.06 کی اوسط سے 2246 رنز بنائے۔ انہوں نے 2011ء کے عالمی کپ میں 60.29 کی اوسط سے 422 رنز بنائے جن میں سے سات مقابلوں میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یوں انہوں نے ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

جوناتھن نے نئے سیزن کا آغاز بھی شاندار انداز میں کیا ہے اور کارڈف میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری داغ کر سال کی زبردست ابتداء کی ہے۔ اس وقت ان کا اوسط 66.67 ہے جو کم از کم 20 ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں سر ڈان بریڈ مین کے 99.94 کے بعد سب سے بہترین اوسط ہے۔

ای سی بی ایوارڈز میں انگلستان کی بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز لیڈیا گرین وے کو دیا گیا جبکہ امیش والیجی کو سال کا بہترین معذور کھلاڑی قرار دیا گیا۔