دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے آسٹریلوی دستے کا انتخاب

0 1,036

تمام طرز کی کرکٹ میں آسٹریلیا کی تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی کے پیچھے ایک راز ہے، وہ ہے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے ماہ دو ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کے لیے بھی آسٹریلیا نے 14 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے تو اس میں چند حیران کن نام ضرور ہیں، ایک تو 28 سالہ تیز گیندباز چیڈ سایرز ہیں اور دوسرے جیکسن برڈ، جن کی ایک مرتبہ پھر دستے میں واپسی ہوئی ہے۔ چیڈ برعزم ہیں کہ اگر انہیں موقع ملا تو اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ وہ آسٹریلیا کے تیز باؤلنگ دستے میں جوش ہیزل ووڈ، پیٹر سڈل، جیمز پیٹن سن اور جیکسن برڈ کا ساتھ دیں گے اور کوشش کریں گے کہ نیوزی لینڈ کو شکست دے کر آسٹریلیا کو ٹیسٹ درجہ بندی میں ایک مرتبہ پھر نمبر وَن بنا سکيں۔

آسٹریلیا ویلنگٹن اور کرائسٹ چرچ کے میدانوں میں حالات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے تیز گیندبازی کو مضبوط بنا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ تجربہ کار ناتھن لیون کی صورت میں صرف ایک اسپنر ٹیم میں موجود ہے۔ ملبورن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے ہوئے کہنی کی تکلیف کا شکار ہونے والے سڈل اور فٹنس مسائل سے دوچار پیٹن سن صحت یابی کے بعد اب دوبارہ قومی دستے میں شامل ہوں گے جس سے باؤلنگ حملہ مضبوط ہو جائے گا اور جہاں تک بیٹنگ کا معاملہ ہے تو وہاں پہلے ہی آسٹریلیا بہت متوازن اور مضبوط لگ رہا ہے۔

آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر روڈ مارش نے کہا کہ ہم ٹیم میں پہلی بار منتخب ہونے پر چیڈ کا خیرمقدم کرتے ہیں اور بلاشبہ وہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ وہ اور جیکسن برڈ گیند کو بہترین رفتار کے ساتھ سوئنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کنڈیشنز میں بہت خطرناک ثابت ہوں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ آسٹریلیاکی باؤلنگ کھلاڑیوں کے زخمی اور ریٹائر ہونے کی وجہ سے بہت متاثر ہوئی، مگر مثبت پہلو یہ ہے کہ آسٹریلیا کے مضبوط ڈومیسٹک نظام کی وجہ سے اچھے باؤلرز مل گئے ہیں، اب آنے والا وقت بہت ولولہ انگیز ہوگا۔

مارش نے نیوزی لینڈ کو ایک مضبوط ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت 'زخمی شیر' کی طرح ہے، گزشتہ سال ہم نے نیوزی لینڈ کو اسی کے میدانوں پر شکست دی تھی، جس کا بدلہ لینے کے ساتھ ساتھ وہ اپنے کپتان برینڈن میک کولم کو بھی فاتحانہ انداز میں رخصت کرنا چاہتے ہیں جو ٹیسٹ سیریز کے ساتھ ریٹائر ہو رہے ہیں۔

دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 12 فروری کو ویلنگٹن میں پہلے ٹیسٹ سے ہوگا جس کے بعد دوسرا مقابلہ 20 فروری سے کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ کے بعد تین ایک روزہ مقابلوں پر مشتمل چیپل-ہیڈلی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

اعلان کردہ ٹیسٹ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اسٹیون اسمتھ (کپتان)، ایڈم ووجس، پیٹر سڈل، پیٹر نیول (وکٹ کیپر)، جو برنس، جوش ہیزل ووڈ،جیکسن برڈ، جیمز پیٹن سن، چیڈ سایرز، ڈیوڈ وارنر، شان مارش، عثمان خواجہ، مچل مارش اور ناتھن لیون۔