ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، بھارت نے کھلاڑیوں کے نام ظاہر کردیے

0 1,483

یووراج سنگھ سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوتے ہوتے بچ گئے، آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں ان کی سست اننگز بھارت کو شکست سے دوچار تو کر دیتی لیکن آخری اوور میں انہوں نے شاندار چوکے اور چھکے کے ذریعے نہ صرف بھارت کو کامیابی دلائی، بلکہ اپنا مستقبل بھی بچا لیا۔ اب وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستے میں شامل ہیں۔ 15 رکنی اسکواڈ میں 34 سالہ یووراج کے علاوہ ان کے قریبی دوست ہربھجن سنگھ اور دورۂ آسٹریلیا کی 'دریافت' جسپریت بمراہ بھی شامل ہیں۔

2007ء میں پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں یووراج سنگھ نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انگلستان کے اسٹورٹ براڈ کے خلاف ان کے چھ گیندوں پر چھ چھکے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے لیکن گزشتہ ٹورنامنٹ میں، جو 2014ء میں بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا، وہ بری طرح ناکام ہوئے۔ بالخصوص فائنل میں ان کی 21 گیندوں پر 11 رنز کی اننگز نے بھارت کو بری طرح متاثر کیا، جو صرف 131 رنز کا ہدف دے پایا اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست کھا گیا۔ ابھی آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی تقریباً یہی حال تھا، وہ اہم ترین 19 ویں اوور کی پانچ گیندوں پر صرف 4 رنز بنا پائے اور بھارت کو آخری اوور میں 17 رنز کی ضرورت تھی۔ یہاں پہلی دو گیندوں نے یووراج کا کیریئر ختم ہونے سے بچا لیا۔ انہوں نے پہلی گیند پر چوکا لگایا اور دوسری کو چھکے کے لیے روانہ کرکے دباؤ کو کم کیا اور بھارت نے مقابلہ آخری گیند پر جیت لیا۔ یوں 34 سالہ یووراج ایک مرتبہ پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے۔

دستے میں 'یووی' کے علاوہ ان کے قریبی دوست ہربھجن سنگھ بھی شامل ہیں، جو اب بھارت کے دستے کا مستقل حصہ تو نہیں ہیں لیکن شاید اپنے ملک کی 'اسپن مددگار' وکٹوں پر ہنگامی مدد کے لیے طلب کیے گئے ہیں۔ بھارت کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا روایتی حصہ روہیت شرما، سریش رینا، ویراٹ کوہلی، رویندر جدیجا اور روی چندر آشون بدستور شامل ہیں۔ جبکہ آسٹریلیا کے دورے کی "دریافت" سمجھے جانے والے نوجوان تیز گیندباز جسپریت بمراہ کو بھی بلایا گیا ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھارت کی تیاریوں کا آغاز اگلے ہفتے سری لنکا کے خلاف سیریز سے ہوگا، جس میں تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ اس کے بعد رواں ماہ ایشیا کپ بھی کھیلا جائے گا جو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کے پیش نظر اس بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا۔ سال کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ 'ورلڈ ٹی ٹوئنٹی' 8 مارچ سے بھارت میں شروع ہوگا اور 3 اپریل تک جاری رہے گا، جس کے لیے اعلان کردہ بھارتی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (نام بلحاظ حروف تہجی):

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، اجنکیا راہانے، اشیش نہرا، پون نیگی، جسپریت بمراہ، روہیت شرما، روی چندر آشون، رویندر جدیجا، سریش رینا، شیکھر دھاون، محمد سمیع، ہربھجن سنگھ، ہرکھیک پانڈے، ویراٹ کوہلی اور یووراج سنگھ۔

world-t20-2016-logo