مسلسل کارکردگی کا صلہ، ہنری نکلس ٹیسٹ دستے میں شامل

0 1,134

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے مابین تین مقابلوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کھیلی جا رہی ہے جس کے بعد فوراً بعد دو ٹیسٹ بھی کھیلیں گے، جن کا آغاز 12 فروری سے ویلنگٹن میں ہوگا۔ نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے لیے آج جس دستے کا اعلان کیا ہے اس میں تجربہ کار روس ٹیلر کی جگہ ہنری نکلس کو موقع دیا گیا ہے۔ ٹیلر زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے، اور ان جیسے تجربہ کار بلے باز کا متبادل ڈھونڈنا ہر گز آسان کام نہیں تھا لیکن ایک روزہ میں ہنری نکلس کی مسلسل عمدہ کارکردگی ان کے ٹیسٹ میں انتخاب کا سبب بنی ہے۔

ٹیلر کے علاوہ وکٹ کیپر بریڈلے-جان واٹلنگ بھی کمر کی تکلیف کا شکار ہیں۔ وہ دستے میں تو شامل ہیں لیکن لیوک رونکی کو متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے۔ ان دونوں کے زخمی ہونے سے ہٹ کر نیوزی لینڈ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ تیز باؤلر ٹم ساؤتھی صحت یاب ہونے کے بعد واپس آ گئے ہیں۔ وہ گزشتہ سال دسمبر میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران پیر کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔

نیوزی لینڈ کے کوچ مائیک ہیسن نکلس کے انتخاب پر کہتے ہیں کہ وہ مسلسل اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ ایک روزہ میں امیدوں پر پورا اترنے کے بعد یقین ہے کہ وہ ٹیسٹ میں بھی ویسی ہی کارکردگی دہرائیں گے۔ دستے میں صرف ایک اسپنر مچل سینٹنر کو شامل کیا گیا ہے۔ ساؤتھی کے بارے میں ہیسن نے کہا کہ وہ تجربہ کار گیندباز ہیں اور ان کی موجودگی سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔ اُن کے ساتھ ساتھ میٹ ہینری بھی موجود ہوں گے اور پھر کوری اینڈرسن کی واپسی سے بھی گیند بازی کا شعبہ مزید مضبوط ہوگا۔

Ross-Taylor

آسٹریلیا کے بارے میں ہیسن نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کتنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے ٹیم کے انتخاب میں وہ تمام پہلو مدنظر رکھے ہیں جو آسٹریلیا کے مقابلے میں ہمارے لیے مددگار ثابت ہوں۔

یہ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم کا آخری بین الاقوامی امتحان ہوگا۔ وہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ دو ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز مکمل ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ دیں گے۔

نیوزی لینڈ کا اعلان کردہ دستہ:

برینڈن میک کولم (کپتان)، بریڈلے-جان واٹلنگ (وکٹ کیپر)، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، ڈوگ بریسویل، کوری اینڈرسن، کین ولیم سن، مارٹن گپٹل، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، نیل ویگنر اور ہنری نکلس۔