ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے آسٹریلیا کا کپتان تبدیل، کئی کھلاڑی باہر

0 1,057

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں آسٹریلیا نے غیر معمولی طور پر سب سے زیادہ کپتانوں کو آزمایا ہے۔ رکی پونٹنگ سے شروع ہونے والا سلسلہ ایڈم گلکرسٹ، مائیکل کلارک اور جارج بیلی سے ہوتا ہوا اب اسٹیون اسمتھ تک پہنچ گیا ہے جنہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے لیے آسٹریلیا کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ کے لیے آسٹریلیا کے دستے کے اعلان میں سب سے زیادہ حیران کن تبدیلی کپتان ہی کی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے آرون فنچ یہ فرائض انجام دے رہے تھے اور امید یہی تھی کہ وہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کریں گے۔ لیکن 'قیادت کا ہما' اچانک اسمتھ کے سر پر آن بیٹھا ہے جو پہلے ہی ٹیسٹ اور ایک روزہ میں آسٹریلیا کے کپتان ہے۔ قیادت سے ہٹائے جانے کے باوجود فنچ کھلاڑی کی حیثیت سے دستے میں برقرار ہیں۔ البتہ ان کی بھارت روانگی ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل صحت یابی سے مشروط ہے۔

قیادت کی تبدیلی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے ساتھ آئی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میں گزشتہ ایک سال سے وکٹوں کے پیچھے ذمہ داری نبھانے والے میتھیو ویڈ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل باہر کردیے گئے ہیں اور ان کی جگہ پیٹر نیول کو شامل کیا گیا ہے۔ کیمرون بوئس اور ناتھن لیون کی جگہ آشٹن ایگر اور ایڈم زمپا پر بھروسہ کیا گیا ہے۔

ٹیسٹ اور ایک روزہ کے بعد ٹی ٹوئنٹی قیادت پانے والے اسٹیون اسمتھ کا پہلا امتحان "ورلڈ ٹی ٹوئنٹی" جیسا اہم اور مشکل ٹورنامنٹ ہوگا
ٹیسٹ اور ایک روزہ کے بعد ٹی ٹوئنٹی قیادت پانے والے اسٹیون اسمتھ کا پہلا امتحان "ورلڈ ٹی ٹوئنٹی" جیسا اہم اور مشکل ٹورنامنٹ ہوگا

فنچ کے علاوہ ناتھن کولٹر-نائل اور جیمز فاکنر بھی فٹ ہونے کی صورت میں ہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے۔ چیف سلیکٹر روڈ مارش کا کہنا ہے کہ فنچ کو ذمہ داری دی گئی، انہوں نے اچھی طرح نبھائی اور ان کو ہٹانے کی وجہ ناکامی نہیں بلکہ بہتر سے بہترین کی تلاش ہے۔ مارش نے کہا کہ جب فنچ کو ٹی ٹوئنٹی کپتان بنایا گیا تھا تو اس کے بعد مائیکل کلارک ایک روزہ اور پھر ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ گئے اور قیادت اسٹیون اسمتھ کو ملی۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی میں بھی قیادت کی ذمہ داری اسمتھ ہی کو دی جائے۔

وکٹ کیپر پیٹر نیول کے انتخاب پر مارش کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ آسٹریلیا کی بلے بازی کافی مضبوط ہے اس لیے ہم نے بہترین وکٹ کیپر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا اور پیٹر سے اچھا نام انہیں کوئی نظر نہیں آیا۔

بھارت میں اسپن گیندبازوں کو درکار برتری پر مارش نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اسپنرز کی مختلف ورائٹی شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور اس پیمانے پر آشٹن ایگر اور ایڈم زمپا پورے اترتے تھے، پھر ان کی مدد کے لیے گلین میکس ویل بھی موجود ہوں گے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے لیے آسٹریلیا کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اسٹیون اسمتھ (کپتان)، ایڈم زمپا، اینڈریو ٹائی، آرون فنچ، آشٹن ایگر، پیٹر نیول (وکٹ کیپر)، جان ہیسٹنگز، جوش ہیزل ووڈ، جیمز فاکنر، ڈیوڈ وارنر، شین واٹسن، ‏عثمان خواجہ، گلین میکس ویل، مچل مارش اور ناتھن کولٹر-نائل۔