ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کا اعلان، احمد شہزاد باہر، خرم منظور اندر

0 1,122

پاکستان نے سال 2016ء کے سب سے اہم ٹورنامنٹ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اپنے دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں توقع کے مطابق احمد شہزاد شامل نہیں لیکن ان کے اخراج سے زیادہ حیران کن فیصلہ ان کے متبادل کا ہے۔ پاکستان نے خرم منظور کو ان کی جگہ شامل کیا ہے جنہوں نے آج تک کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلہ نہیں کھیلا۔ البتہ ان کی حالیہ فارم بہت عمدہ ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کا اچھا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں اور اس وقت پاکستان 'اے' کی جانب سے انگلینڈ لائنز کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں، جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ اس لیے امید ہے کہ وہ اس موقع کا پورا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ یہ غیر متوقع فیصلہ ان کے کیریئر میں فیصلہ کن کردار اد اکرے گا۔

اعلان کردہ دستے میں کئی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والوں میں سے احمد شہزاد کے علاوہ صہیب مقصود، محمد رضوان اور عمر گل بھی باہر کیے گئے ہیں جبکہ سعد نسیم اور عامر یامین بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں۔ ان کی جگہ پاکستان نے جن کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ان میں سے قابل ذکر تیز باؤلر رمان رئیس اور آل راؤنڈر محمد نواز ہیں۔ رمان اس وقت پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیل رہے ہیں اور کافی متاثر کن کارکردگی دکھائی ہے۔ جبکہ محمد نواز کا نام تو اس وقت سب کی زبان پر ہے۔ پی ایس ایل کے پہلے ہی مقابلے میں 4 وکٹیں اور اس کے بعد پشاور زلمی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف تین وکٹیں حاصل کرکے وہ چار مقابلوں میں اپنے شکاروں کی تعداد 8 تک پہنچا چکے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف ان کی 42 رنز کی اننگز بھی دیکھنے کے قابل تھی۔

خرم منظور نے آج تک کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلہ نہیں کھیلا
خرم منظور نے آج تک کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلہ نہیں کھیلا

رمان اور نواز بلاشبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کے حقدار تھے لیکن دونوں نے آج تک کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں کھیلا اس لیے یہ سوال بنتا ہے کہ کیا انہیں آزمانے کے لیے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسا بڑا اسٹیج استعمال کرنا ٹھیک ہے؟ کیونکہ ایک بری کارکردگی ان کے کیریئر کو ابتدا ہی میں ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

واپس آنے والے کھلاڑیوں میں ایک نمایاں اور 'بڑا' نام محمد عرفان کا ہے جو نیوزی لینڈ کے دورے پر ٹی ٹوئنٹی میں شامل نہیں تھے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اگلے ماہ بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں سری لنکا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جو اس نے 2014ء میں حاصل کیا تھا جبکہ پاکستان 2009ء میں کھوئے اعزاز کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کوشش کرے گا۔

یہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کی آخری بین الاقوامی مہم ہے۔ وہ اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ اس لیے وہ اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی ان کی روانگی کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ کیا یہ دستہ ایسا کر پائے گا؟ یہ وقت ہی بتائے گا۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):

شاہد آفریدی (کپتان)، افتخار احمد، انور علی، بابر اعظم، خرم منظور، رمان رئیس، سرفراز احمد، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر اکمل، محمد حفیظ، محمد عامر، محمد عرفان، محمد نواز اور وہاب ریاض۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم پاکستان میں سب سے حیران کن شمولیت کس کی؟


Loading ... Loading ...