ورلڈ ٹی ٹوئنٹی، انگلستان کے دستے کا بھی اعلان ہوگیا
متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان 'اے' اور انگلینڈ لائنز کی سیریز نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے نہ صرف پاکستان کو خرم منظور، محمد نواز اور رمّان رئیس دیے ہیں بلکہ انگلستان نے بھی لیام ڈاسن کی صورت میں سیریز کا ایک کھلاڑی اہم ٹورنامنٹ کے لیے منتخب کیا ہے۔
25 سالہ ڈاسن کی پاکستان 'اے' کے خلاف کارکردگی نے سلیکٹرز کو اتنا متاثر کیا ہے کہ وہ 'میگا ایونٹ' میں انہیں شامل کرنے پر مجبور ہوگئےہیں۔ ڈاسن کے علاوہ انجری سے نجات پانے والے فاسٹ باؤلر اسٹیون فن بھی دستے میں شامل ہوگئے ہیں۔
2010ء میں عالمی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے والے انگلستان کی قیادت قیادت بدستور داری ایون مورگن کے پاس ہوگی۔ وہی دستے کے واحد کھلاڑی ہیں جو چھ سال قبل اس تاریخی کامیابی کا حصہ تھے۔
توقعات کے عین مطابق "باغی" کیون پیٹرسن دستے کا حصہ نہیں ہیں جو دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ یہی معاملہ اسٹورٹ براڈ کا بھی ہے۔ وہ کبھی اس فارمیٹ میں انگلستان کے کپتان تھے لیکن اب 2014ء سے ایسے باہر ہیں کہ واپسی کا راستہ ہی نہیں مل رہا۔ ان دونوں کے علاوہ ایک روزہ میں مسلسل رنز بنانے والے "لٹل ماسٹر" جیمز ٹیلر پر بھی نظر کرم نہیں پڑی۔
گیندبازی کے شعبے میں رہنما ریس ٹوپلی اور ڈیوڈ ولی ہوں گے، اور جن کا ساتھ کرس جارڈن اور بین اسٹوکس دیں گے۔ ان کے علاوہ جیمز ونس پر بھی اعتماد کیا گيا ہے جنہوں نے نومبر میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیريز کے بعد پاکستان 'اے' کے خلاف بھی شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ گو کہ وہ ابھی پاکستان سپر لیگ میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر جیمز وٹیکر نے کہا کہ اگر بین الاقوامی کرکٹ میں انگلستان کی گزشتہ 8 ماہ کی کارکردگی دیکھی جائے تو وہ شاندار ہے اور اسی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا چناؤ کیا گیا ہے۔ لیام ڈاسن کے بارے میں وٹیکر نے کہا کہ پاکستان 'اے' کے خلاف ان کی کارکردگی جاندار تھی۔ بلے بازی کے ساتھ ساتھ ٹیم کو اب ان کی اسپن گیندبازی کی مدد بھی حاصل ہوگی جو بھارت کی اسپن مددگار وکٹوں پر بہت اہم پہلو ہوگا۔
ٹیم کے تربیتی عملے میں سری لنکا کے مایہ ناز بلے باز مہیلا جے وردھنے باقاعدہ بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ 2010ء کے فاتح کپتان پال کولنگ ووڈ بھی عملے کا حصہ ہوں گے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر اینڈریو اسٹراس کہتے ہیں کہ جے وردھنے اور کولنگ ووڈ کی موجودگی میں انہیں پوری امید ہے کہ بلے بازوں کی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا ہوگا۔ دونوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں بالخصوص جے وردھنے اس خطے کی وکٹوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء کے لیے انگلستان کا دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے (بلحاظ حروف تہجی):
ایون مورگن (کپتان)، اسٹیون فن، ایلکس ہیلز، بین اسٹوکس، جو روٹ، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، جیسن روئے، جیمز ونس، ڈیوڈ وِلی، ریس ٹوپلی، سیم بلنگز، عادل رشید، کرس جارڈن، لیام ڈاسن اور معین علی۔