سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد الیاس معطل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد الیاس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا ہے۔ پی سی بی نے معاملے پر غور کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
محمد الیاس کو ذرائع ابلاغ پر بیانات دینے پر اظہار وجوہ کے دو نوٹس جاری کیے گئے تھے لیکن پابندی کے شکار سابق کپتان سلمان بٹ کے ہمراہ ایک ٹی وی پروگرام میں آنے پر انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ پی سی بی کے بیان کے مطابق وہ ضابطہ اخلاق کی شق 8 اور 9 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 اور 6 جنوری کو انہیں اظہار وجوہ کے دو نوٹس جاری کیے گئے جس کے باوجود وہ ذرائع ابلاغ پر آئے اور سابق کپتان شاہد آفریدی کے خلاف بیانات دیے۔
غالباً بورڈ کے محمد الیاس کو فوری طور پر ہٹانے کی وجہ سلمان بٹ کے ہمراہ ان کا پروگرام میں شرکت کرنا ہوگا کیونکہ آئی سی سی قوانین کے تحت کوئی بورڈ عہدیدار پابندی کے شکار کھلاڑی سے رابطہ نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے محمد الیاس پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنے داماد عمران فرحت کو ٹیم میں شامل کرنے پر زور دیتے رہتے ہیں اور وہ مجھے فرحت کی ٹیم میں عدم شمولیت کی سب سے بڑی وجہ سمجھتے ہیں۔ اس الزام پر الیاس نے کہا تھا کہ اگر وہ اپنے داماد کی طرف داری کر رہے ہوتے تو وہ ٹیم میں موجود ہوتا اور شاہد باہر ہوتے۔
اس قسم کی الزام تراشیاں سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے شاہد آفریدی کا مرکزی معاہدہ اور اجازت نامہ منسوخ کر دیا جبکہ شاہد آفریدی پہلے ہی احتجاجا ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔