اسلام آباد یونائیٹڈ حال سے بے حال، واٹسن زخمی
پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی ملی جلی سے بھی کم رہی ہے۔ ایک طرف "اسلام آبادی" خوش نہیں ہیں، تو دوسری جانب کھلاڑیوں کے ستارے بھی گردش میں دکھائی دیتے ہیں۔ اہم ترین آل راؤنڈر، اب تک ملنے والی فتوحات کے اہم کردار، شین واٹسن انجری کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ نے اس افسوسناک خبر کی اطلاع سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے دی۔
شین واٹسن اب تک کھیلے گئے چھ مقابلوں میں اسلام آباد کی طرف سے 194 رنز بنا چکے ہیں اور مصباح الحق کی غیر موجودگی میں دو مقابلوں میں قیادت بھی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق واٹسن پیٹ کی تکلیف کا شکار ہوئے ہیں، جس کی مزید وضاحت نہیں کی گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی جگہ سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود کو طلب کرلیا ہے۔
واٹسن کی وطن واپسی سے نہ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ بلکہ خود آسٹریلیا کو بھی دھچکا لگنے کا اندیشہ ہے کیونکہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے آسٹریلیا کے 15 رکنی دستے کے اہم رکن ہیں۔ یعنی ان کی سال کے اہم ترین ٹورنامنٹ میں شرکت پر بھی سیاہ بادل منڈلانے لگے ہیں۔
شین واٹسن نے گزشتہ سال ستمبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی تاکہ وہ پوری توجہ محدود طرز کی کرکٹ پر مرکوز رکھ پائیں۔ گزشتہ ماہ جنوری میں انہوں نے بھارت کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں کیریئر کی بہترین 124 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں واٹسن کی مانگ اس وقت عروج پر ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوران ہی وہ دنیا کی سب سے بڑی انڈین پریمیئر لیگ میں 9.5 کروڑ رپے میں فروخت ہوئے کہ جہاں رائل چیلنجرز بنگلور نے انہیں خریدا۔
لیکن اس وقت سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ واٹسن کی غیر موجودگی میں اسلام آباد پوائنٹس ٹیبل پر کس مقام تک پہنچ پائے گا کہ جس کے دو مقابلے ابھی باقی ہیں۔