کرس گیل بدستور ٹیم سے باہر، تیسرے ون ڈے کے لیے ٹیم کا اعلان
ایسا لگتا ہے کہ ویسٹ انڈیزبھارت کے خلاف ایک روزہ میچز جیتنے کا خواہاں ہی نہیں ہے کیونکہ پہلے دونوں مقابلوں میں مایوس کن شکست کے باوجود اوپنر کرس گیل کو واپس طلب نہیں کیا گیا بلکہ ڈیوین براوو اور روی رامپال جیسے کھلاڑیوں کو بھی 'آرام' کا موقع دے کر دستے سے باہر کر دیا گیا ہے۔
تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے لیے اعلان کردہ 13 رکنی دستے میں ڈیوین براوو کی جگہ جمیکا کے بلے باز ڈینزا ہیاٹ اور روی رامپال کی جگہ کیمار روچ کو شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرس گیل کی واپسی کی کوئی امید نظر نہیں آتی، حالانکہ بھارت کے خلاف کھیلنے کا حالیہ تجربہ سب سے زیادہ ان کا ہے اور ان کی موجودگی میں ویسٹ انڈیز کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ بھارت اس وقت اپنے دوسرے درجے کی ٹیم کے ساتھ دورے پر ہے جس میں بیشتر اہم کھلاڑی شامل نہیں ہیں۔
ویسٹ انڈیز اور بھارت کا تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ آج (ہفتے کو) اینٹیگا کے سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بھارت ابتدائی دونوں میچز میں کامیابی کے بعد سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کیے ہوئے ہے اور ویسٹ انڈیز کے لیے سیریز میں اپنے امکانات کو برقرار رکھنے کے لیے اگلے میچ میں فتح حاصل کرنا ضروری ہے۔
تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کے لیے اعلان کردہ ویسٹ انڈین دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، انتھونی مارٹن، آندرے رسل، دیوندر بشو، رامنریش سروان، کارلٹن با، کرک ایڈورڈز، کیرون پولارڈ، کیمار روچ، لینڈل سیمنز، مارلون سیموئلز، ڈیرن براوو اور ڈینزا ہیاٹ۔