ایشیا کپ، بھارت کا جامع آغاز، بنگلہ دیش کو شکست

0 1,031

کیچ چھوڑنا کتنا مہنگا ثابت ہو سکتا ہے، کوئی ایشیا کپ 2016ء کے افتتاحی مقابلے میں بنگلہ دیش سے پوچھے کہ جو میرپور میں ایک زبردست آغاز لینے کے باوجود بھارت کو زیر نہ کر سکا اور 45 رنز سے شکست کھا گیا۔

تاریخ میں پہلی بار ایشیا کپ کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں انعقاد کا مقصد دراصل اگلے ماہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہترین تیاری کرنا ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تکمیل کے بعد کہ جس میں متحدہ عرب امارات نے کامیابی حاصل کی، اب مرکزی مرحلہ شروع ہو چکا ہے جہاں میزبان بنگلہ دیش کا پہلا مقابلہ بھارت سے تھا۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیتا اور پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی 8 اوورز میں ہی وہ صرف 42 رنز پر تین وکٹیں ٹھکانے لگا چکا تھا۔ دوسرے ہی اوور میں شیکھر دھاون الامین حسین کی ایک برق رفتار گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ کوہلی مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر مڈ آف پر کیچ دے گئے تو گویا میدان میں آسمان ٹوٹ پڑا۔ محمود اللہ کے کیچ نے زبردست جشن کا آغاز کردیا۔ کچھ ہی اوورز بعد محمود نے سریش رینا کو بولڈ کیا تو ایسا لگتا تھا کہ بھارت کے لیے سخت مشکل مرحلہ شروع ہونے والا ہے لیکن دوسرے کنارے پر روہیت شرما ڈٹے ہوئے تھے۔ انہیں آؤٹ کرنا ضروری تھا۔ گیارہویں اوور میں تسکین احمد کی گیند پر روہیت نے شاٹ کھیلا تو وہ براہ راست پوائنٹ پر کھڑے شکیب کی جانب گیا کہ جنہوں نے موقع ضائع کردیا۔ اس وقت روہیت 28 گیندوں پر صرف 21 رنز بنا پائے تھے اور سخت جدوجہد کرتے دکھائی دیے رہے تھے لیکن اس 'ڈراپ' کے ساتھ ہی انہیں نئی زندگی اور نیا اعتماد ملا۔ انہوں نے 55 گیندوں پر کل 83 رنز بنائے اور آخری اوور میں جا کر آؤٹ ہوئے۔ درمیان میں بنگلہ دیشی باؤلرز صرف یووراج سنگھ کی وکٹ حاصل کر سکے۔ روہیت اور ہردیک پانڈیا کے 18 گیندوں پر 31 رنز بھارت کو 6 وکٹوں پر 166 رنز تک لے آئے۔

اب 167 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے میزبان بلے بازوں کو روہیت جیسی محنت اور موقع کی ضرورت تھی، جو نہ وہ کر سکے اور نہ میسر آ سکا۔ تیسرے اوور میں اشیش نہرا کے ہاتھوں محمد متھن کے کلین بولڈ سے جو سلسلہ شروع ہوا وہ رکتا نہیں دکھائی دیا۔ صرف شبیر رحمٰن نے 44 رنز کے ساتھ مزاحمت ی، باقی تو کوئی 16 رنز سے آگے بھی نہ بڑھ پایا۔ تماشائیوں کا سارا جوش و خروش دوسری اننگز میں بیٹھ گیا۔ 20 اوورز مکمل ہوئے تو بنگلہ دیش 7 وکٹوں پر صرف 121 رنز تک محدود دکھائی دیا۔

تین وکٹیں اشیش نہرا نے لیں، جنہوں نے پہلے شکار کے بعد آخر میں محمود اللہ اور مشرفی مرتضیٰ کو بھی آؤٹ کیا۔ ایک، ایک وکٹ جسپریت بمراہ، ہردیک پانڈیا اور روی چندر آشون نے لی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چاروں باؤلرز نے چار، چار اوورز پھینکے اور 23، 23 رنز دیے۔

ایشیا کپ میں اب اگلا مقابلہ سری لنکا اور کوالیفائی کرنے والے متحدہ عرب امارات کے درمیان ہوگا۔

بنگلہ دیش اپنا اگلا مقابلہ جمے کو عرب امارات کے خلاف کھیلے گا جبکہ بھارت ہفتے کو روایتی حریف پاکستان سے ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں ٹکرائے گا۔