بنگلہ دیش کو بڑا دھچکا، مستفیض زخمی

0 1,031

ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف اہم مقابلے میں کامیابی کے بعد بنگلہ دیش کے حوصلوں کو زبردست دھچکا پہنچا ہے کیونکہ پاکستان کے خلاف مقابلے سے قبل ہی اس کے مرکزی گیندباز مستفیض الرحمٰن زخمی ہوگئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والے مستفیض ایشیا کپ میں اب مزید کوئی مقابلہ نہیں کھیل پائیں گے۔

مستفیض سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران ہی مشکلات کا شکار دکھائی دیے تھے۔ گو کہ ان کی کارکردگی شاندار تھی اور دوسرے اسپیل میں ان کے دو اوورز میں صرف 9 رنز دینے کی وجہ سے مہمان سری لنکا کے لیے 147 رنز کا ہدف مزید مشکل ہوگیا تھا اور نتیجہ 23 رنز کی شکست صورت میں نکلا لیکن اب مستفیض کی پرانی تکلیف عود کر آئی ہے۔ کئی ماہ سے پہلو میں کھنچاؤ کی وجہ سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ان پر خاص توجہ رکھے ہوئے تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مستفیض کو پاکستان سپر لیگ کا پہلا سیزن کھیلنے سے روک دیا گیا تاکہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے زخمی نہ ہو جائیں۔ انہوں نے وہاں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنا تھی۔

اب یہ خطرہ بھی سر پر منڈلا رہا ہے کہ مستفیض بھارت میں رواں ماہ ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت نہیں کر پائیں گے۔

20 سالہ مستفیض نے اب تک 9 ایک روزہ مقابلے کھیلے ہیں اور ان میں 26 کھلاڑیوں کو اپنا شکار کیا ہے۔ بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز میں دو مرتبہ پانچ، پانچ اور ایک بار چھ وکٹیں لینے کی یادگار کارکردگی بھی اس میں شامل ہے کہ جو بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی کی بنیاد بنی۔ ٹی ٹوئنٹی میں وہ اب تک 10 مقابلے کھیل چکے ہیں اور 13 وکٹیں ان کے نام رہی ہیں۔ ان کا اکانمی ریٹ صرف 5.61 ہے۔

ایشیا کپ میں اب تک تین میں سے دو مقابلوں میں کامیابی کے بعد اب بنگلہ دیش کے لیے 2 مارچ کو پاکستان کے خلاف مقابلہ بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اگر یہ میچ جیت گیا تو میزبان بنگلہ دیش فائںل میں پہنچ جائے گا۔ بصورت دیگر پاکستان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ سری لنکا کو بھی ہرائے ورنہ فائنل میں جانے والی ٹیموں کا انحصار بہتر رن ریٹ پر کرنا پڑے گا۔

Mustafizur-Rahman1