’محمد عامر کو سر پر نہ چڑھایا جائے، وہ ایک عام سے گیند باز ہیں‘، روہیت شرما

2 1,051

ایک طرف پوری دنیا ہے جو پاکستان کے نوجوان تیز گیند باز محمد عامر کی تعریف کرتے نہیں تھک رہی، اور پوری دنیا کیا؟ خود بھارت کے نمبر ایک بلے باز ویرات کوہلی کا حالیہ بیان سب کے سامنے ہے کہ جس میں انہوں نے عامر کو "ورلڈ کلاس" باؤلر قرار دیا تھا، لیکن شاید یہ خبروں کی زینت بننے کی خواہش ہے کہ روہیت شرما نے کہا ہے کہ محمد عامر کو ایک ’عام‘ سا باؤلر ہے۔

کلکتہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران روہیت شرما نے کہا کہانہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ آخر عامر کو اِتنا سر پر کیوں چڑھایا جارہا ہے جبکہ وہ ایک عام سے گیند باز ہیں۔ پھر جھینپ مٹاتے ہوئے کہا کہ اِس سے انکار نہیں کہ وہ اچھے گیند باز ہیں لیکن ابھی بھی اُن کو بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ "جس طرح ہر کھلاڑی کا اپنا دن ہوتا ہے، اُس دن وہ چل جائے تو کوئی اُس کو نہیں روک سکتا، عامر کے ساتھ بھی بالکل ایسا ہی ہے، آپ عام باؤلر سے یہ اُمید نہیں لگاسکتے کہ وہ ہر ایک میچ میں ٹیم کو فتح دلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ لیکن جس طرح اُن کو آسمان پر چڑھایا جارہا ہے وہ میری سمجھ میں و نہیں آتا۔ پھر کمال یہ کہ اتنی سے عمر میں عامر کو وسیم اکرم سے ملایا جارہا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔"

ایک طرف روہیت شرما محمد عامر کو ’عام‘ گیند باز قرار دے رہے ہیں تو عین اسی وقت وہ بھارتی گیندباز جسپریت بمراہ کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔ بمراہ کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ وہ ایک ایسا باصلاحیت کھلاڑی ہے ہے جو سالوں بعد میسر آتا ہے۔ بمراہ کے پاس بہترین یارکرز ہیں، بہترین باونسرز کی صلاحیت ہے اور دھیمی گیند پھینکنے کا ہنر بھی وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ نیز بمراہ میں ہر وہ خوبی ہے جو جدید کرکٹ میں تیز گیند باز کے لیے ضروری ہے۔ شرما نے مزید کہا کہ وہ دنیا میں دو ہی گیند بازوں کو جانتے ہیں جو منفرد ایکشن کے ساتھ میدان میں اترے ہیں، ایک لاستھ مالنگا اور دوسرے جسپریت بمراہ۔

یاد رہے کہ ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ میں 84 رنز کا دفاع کرتے ہوئے محمد عامر نے صرف 8 رنز پر روہیت شرما، اجنکیا رہانے اور سریش رائنا کو پویلین کی راہ دکھا دی تھی، جب وہ گیند بازی کررہے تھے تو ایسا گمان ہورہا تھا کہ شاید پاکستان مختصر ترین ہدف کا دفاع بھی کرلے گا، لیکن ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا۔ پھر وہی کوہلی جنہوں نے عامر کا ڈٹ پر مقابلہ کیا، میچ کے بعد عامر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلاجھجک کہا کہ عامر ایک ورلڈ کلاس باؤلر ہے اور مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں اُن کا خطرناک اسپیل کھیلنے میں کامیاب رہا ہوں۔

Mohammad-Amir