آسٹریلیا رواں سال سری لنکا میں مکمل سیریز کھیلے گا

1 1,031

آسٹریلیا رواں سال اگست و ستمبر میں سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ بین الاقوامی اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔ اس امر کا اعلان سری لنکا کرکٹ بورڈ نے کیا جس کے مطابق آسٹریلیا کے دورۂ سری لنکا کا آغاز 6 اگست کو پالی کیلے میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا جبکہ یہ دورہ 20 ستمبر کو تیسرے ٹیسٹ کے آخری روز تک جاری رہے گا۔

گال اور کولمبو کے میدانوں کے علاوہ اس مرتبہ ایک ٹیسٹ میچ کانڈی کے پالی کیلے اسٹیڈیم کو بھی دیا گیا ہے جسے اب تک صرف ایک ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے تاہم یہ پورا میچ بارش کی نذر ہو گیا اور دونوں جانب سے ایک گیند بھی نہ پھینکی جا سکی۔ یوں یہ پالی کیلے اسٹیڈیم کے لیے کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کا پہلا حقیقی موقع ہوگا۔ پالی کیلے میں 8 سے 12 ستمبر تک دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس میدان کو دونوں ٹی ٹوئنٹی اور ایک ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی میزبانی سے بھی نوازا گیا ہے جبکہ سری لنکا کے دوسرے نئے میدان ہمبنٹوٹا کو دو ایک روزہ میچز کی میزبانی کرنا ہوگی۔ ہمبنٹوٹا کو بھی عالمی کپ کے لیے تیار کیا گیا تھا اور اب تک وہاں دو میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

سری لنکا اپنے ہوم گراؤنڈ پر آخری مرتبہ 2004ء میں آسٹریلیا کے مدمقابل آیا تھا جہاں اسے ٹیسٹ سیریز میں 3-0 کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا۔

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا بتاریخ بمقام
پہلا ٹی ٹوئنٹی 6 اگست پالی کیلے
دوسرا ٹی ٹوئنٹی 8 اگست پالی کیلے
پہلا ایک روزہ بین الاقوامی 10 اگست پالی کیلے
دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی 14 اگست ہمبنٹوٹا
تیسرا ایک روزہ بین الاقوامی 16 اگست ہمبنٹوٹا
چوتھا ایک روزہ بین الاقوامی 20 اگست کولمبو
پانچواں ایک روزہ بین الاقوامی 22 اگست کولمبو
پہلا ٹیسٹ 31 اگست تا 4 ستمبر گال
دوسرا ٹیسٹ 8 تا 12 ستمبر پالی کیلے
تیسرا ٹیسٹ 16 تا 20 ستمبر کولمبو