ورلڈ ٹی ٹوئنٹی (گروپ 2) : نیوزی لینڈ کے بعد سیمی فائنل میں کون جائے گا؟

0 1,056

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کے سیمی فائنل میں سب سے پہلے پہنچنے کا اعزاز نیوزی لینڈ نے حاصل کرلیا ہے۔ کیویز نے اپنے ابتدائی تینوں مقابلوں میں حریف ٹیم کو مات دی اور 6 قیمت پوائنٹس کے بعد گروپ 2 میں سرفہرست رہی ہے۔ نیوزی لینڈ نے سب سے پہلے میزبان بھارت کی ٹیم کو 47 رنز سے ہرایا، پھر آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دی اور پھر تیسرے میچ میں پاکستان کو 22 رنز سے مات دی۔ آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ اب گروپ 2 سے نیوزی لینڈ کے بعد کونسی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مضبوط امیدوار ہے۔

پاکستان

گرین شرٹس نے پہلے مقابے میں بنگلہ دیش کو بڑے فرق سے مات دے کر شاندار آغاز کیا۔ مگر پھر روائتی حریف بھارت اور بعد ازاں نیوزی لینڈ سے بھی شکست کھا گیا۔ اس کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان +0.254 رن ریٹ کے ساتھ اب بھی بھارت اور آسٹریلیا سے بہتر درجے پر ہے۔

اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا آخری مقابلہ 25 مارچ بروز جمعہ کو آسٹریلیا کے ساتھ ہونا ہے۔ اگر گرین شرٹس اس مقابلے میں کینگروز سے بھی شکست کھا گئے تو سیمی فائنل تک رسائی کی تمام امیدیں بھی دم توڑ جائیں گی۔ لیکن اگر پاکستان آسٹریلیا سے جیت گیا تو پھر اسے بھارتی کرکٹ ٹیم کی شکست کا انتظار کرنا ہوگا۔ بھارت کو آج بنگلہ دیش اور چند روز بعد آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے۔ اگر وہ باقی ماندہ دو مقابلوں میں سے کسی ایک میں بری ہزیمت سے دوچا ہوجائے یا دونوں میچ میں شکست کا مزہ چکھے تو یہ پاکستان کے لیے خوش آئند بات ہوگی۔ لیکن اس صورتحال میں بھی پاکستان کو آخر تک باقی مقابلوں کے نتائج اور رن ریٹ پر انحصار کرنا پڑے گا۔ اس ضمن میں آسٹریلیا کا رن ریٹ اور پھر نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش کا نتیجہ بھی پاکستان کی پیش قدمی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

pakistan-s-bowler-mohammad-amir-celebrate-fall-of-396820

آسٹریلیا

گروپ 2 کے پوائنٹس ٹیبل پر کینگروز 2 پوائنٹ اور +0.108 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے لیے بھی صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے کیوں کہ اسے اگلے دونوں مقابلوں میں بالترتیب پاکستان اور بھارت کا سامنا کرنا ہے۔ آسٹریلیا کے لیے برصغیر کے میدان میں ان دونوں ہی ٹیموں کا مقابلہ کرنا مشکل رہا ہے۔ اگر آسٹریلیا دونوں ہی ٹیموں کو مات دینے میں کامیاب ہوا تو پھر اسے سیمی فائنل تک رسائی میں کوئی نہیں روک سکتا۔

لیکن اگر آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے دی مگر بھارت سے ہار گیا تو پھر انہیں بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین مقابلے میں بنگال ٹائگرز کی فتح درکار ہوگی۔ بصورت دیگر نیوزی لینڈ اور بھارت سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔

Adam-Zampa

بھارت

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کی مضبوط ترین ٹیموں میں میزبان ملک بھارت بھی شامل ہے۔ لیکن اپنے پہلے ہی مقابے میں نیوزی لیڈ کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد اس کی پوزیشن کا شدید دھچکا پہنچا ہے۔ گو کہ بعد میں بھارت نے پاکستان کو بڑی شکست دی لیکن وہ اب بھی 2 پوائنٹس اور 0.895- کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور آسٹریلیا سے بھی نیچے چوتھے نمبر پر ہے۔

بھارت کے دو مقابلے بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے ساتھ باقی ہیں اور وہ دونوں میں فتح سمیٹ کر باآسانی سیمی فائنل میں جانے والی ٹیموں میں شامل ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر بھارت کمزور حریف بنگلہ دیش کو ہرا دے مگر آسٹریلیا سے شکست کھا جائے تو اس کا سفر تمام ہوسکتا ہے۔

اگر پاکستان اپنے آخری مقابلے میں آسٹریلیا کو ہرانے میں کامیاب رہتا ہے تو بھارت اور آسٹریلیا کا مقابلہ اہم ترین ہوگا جس میں بھارت کی بڑے فرق سے فتح اسے سیمی فائنل تک پہنچا دے گی لیکن شکست کی صورت میں تمام تر انحصار پوائنٹس ٹیبل پر آجائے گا۔ اور اگر بھارت آج بنگلہ دیش سے شکست کھا جائے اور پھر آسٹریلیا سے جیت جائے تو اس کی پیش رفت کے لیے آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ بمقابلہ بنگلہ مقابلوں کے نتائج اہمم ہوں گے۔

بنگلہ دیش

بنگال ٹائرز اب تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناکام رہے ہیں۔ اس وقت -0.1749 کے ساتھ بنگلہ دیش گروپ 2 کے پوائنٹس ٹیبل میں سب سے بچلے درجے پر موجود ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا مگر دوسرے مرحلے میں یہ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ اب صورت یہ ہے کہ ٹورنامنٹ سے ان کا اخراج بس ہوا ہی چاہتا ہے۔

بنگلہ دیش کو بقیہ دو مقابلے بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے ہیں۔ ان میں سے کسی بھی ایک میچ میں شکست اسے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 سے باہر کردے گی۔ لیکن اگر کسی طرح بنگلہ دیش اپنے دونوں مقابلے جیت گیا تو اسے بھارت، آسٹریلیا اور پاکستان سے بہتر رن ریٹ درکار ہوگا۔

bangladesh-scotland-wt20-2016