بین اسٹوکس پوری سیریز سے باہر، کرس ووکس طلب

0 1,045

بین اسٹوکس گھٹنے کے آپریشن کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف جاری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور اب جولائی میں پاکستان کے دورۂ انگلستان سے قبل ان کی واپسی کے امکانات نہیں ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہیڈنگلے، لیڈز میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کے دوسرے دن انہیں بائیں گھٹنے میں تکلیف کا سامنا رہا۔ گو کہ وہ چار مزید اوورز پھینکنے کے لیے میدان میں واپس آئے لیکن ایک اننگز اور 88 رنز کی بھاری کامیابی میں ان کا کردار بجھا بجھا سا ہی رہا۔ اب جبکہ ان کی انجری سامنے آ گئی ہے تو انگلستان نے دوسرے ٹیسٹ کرس ووکس کو طلب کرلیا ہے، جو 12 رکنی دستے کا حصہ بن گئے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس معمولی آپریشن کے بعد دو ہفتوں میں اسٹوکس تربیت شروع کر سکتے ہیں، لیکن وہ چھ ہفتوں تک بین الاقوامی کرکٹ سے باہر ہو جائیں گے۔ یعنی وہ سری لنکا کے خلاف باقی دونوں ٹیسٹ مقابلوں کے ساتھ ساتھ پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز بھی نہیں کھیل پائیں گے۔

سری لنکا کے خلاف چیسٹر-لی-اسٹریٹ میں ہونے والا دوسرا مقابلہ گزشتہ سال اپریل سے لے کر اب تک واحد ٹیسٹ ہوگا جو اسٹوکس نہیں کھیلیں گے جو انگلستان کے ساتھ ساتھ ان کی کاؤنٹی ڈرہم کے لیے بھی بڑا دھچکا ہے۔

اگر انگلستان اپنے دستے میں موجودہ توازن برقرار رکھنا چاہتا ہے تو وہ ووکس ہی کا انتخاب کرے گا اور یوں ناٹنگھم شائر کے نوجوان جیک بال اپنا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل پائیں گے۔

Ben-Stokes