ستمبر میں 'چھوٹی آئی پی ایل' کا امکان

0 1,078

انڈین پریمیئر لیگ کا جوش اب اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور طویل، اکتا دینے والے، پہلے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ اب اب پلے-آف مقابلوں کا آغاز ہو چکا ہے یعنی صرف چند ہی دنوں میں دنیا کی سب سے بڑی لیگ کا ایک اور سیزن مکمل ہو جائے گا۔ لیکن اس کی تکمیل سے پہلے ہی بھارتی کرکٹ بورڈ ستمبر میں ایک 'چھوٹی آئی پی ایل' کے انعقاد کا خواہشمند دکھائی دیتا ہے کیونکہ یہ وہ وقت ہوگا جس میں شاید ہی کوئی ٹیسٹ کھیلنے والا ملک مصروف ہو لیکن اس کے لیے بی سی سی آئی کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے معاملات طے کرنا ہوں گے۔

بی سی سی آئی 2014ء سے ستمبر میں ملنے والے اس موقع پر نظریں جمائے ہوئے ہیں جب اس نے آسٹریلوی اور جنوبی افریقی بورڈ کے ساتھ مل کر چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کا خاتمہ کیا تھا۔ گزشتہ سال وہ تمام فرنچائزز کے ساتھ مل کر ایک چھوٹی آئی پی ایل منعقد کرنا چاہتا تھا لیکن اندرونی رسہ کشی اور قانونی جنگوں کی وجہ سے اسے موخر کرنا پڑا۔ اب جبکہ یہ معاملات کافی حد تک حل ہو چکے ہیں، ایک چھوٹی آئی پی ایل کی باتیں پھر زور پکڑتی جا رہی ہیں۔ بھارتی اخبار 'ٹائمز آف انڈیا' کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کے لیے یہ ایک زبردست موقع بن سکتی ہے اور مالی طور پر اس سے کافی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اگر یہ امریکا جیسی کسی مارکیٹ کو تلاش کرکے منعقد کی جائے۔ اگر نشریات کار کے لیے پرکشش ہو تو کافی کچھ ہو سکتا ہے۔

اس وقت آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق سونی-ای ایس پی این کے پاس ہیں اور بی سی سی آئی کو حق حاصل ہے کہ 2017-18ء کے لیے معاہدے کی تجدید کے موقع پر اسے حقوق دینے سے انکار کردے۔ لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق اسٹار انڈیا کے پاس ہیں۔ عدالتی کمیشن 'لودھا پینل' کی حالیہ سفارشات میں یہ بھی شامل تھا کہ اوورز کے درمیان اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے، اور اگر اس کو نافذ کیا گیا تو بی سی سی آئی کو مالی طور پر بہت بڑا نقصان پہنچے گا۔ اس صورت میں "منی آئی پی ایل" جیسا کوئی بھی ٹورنامنٹ مالی خسارے سے بچنے میں کافی مددگار ثابت ہوگا۔

VIVO-IPL-Trophy