پاکستان کے خلاف ٹیسٹ، اسمتھ گلابی گیند سے پریشان

0 1,024

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے گابا، برسبین میں گلابی گیند سے ٹیسٹ کھیلنے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا، جو پاکستان کے آئندہ دورۂ آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔ اسمتھ کہتے ہیں کہ انہیں ایک تیز پچ کی توقع ہے اور یہ دونوں کے لیے بڑا چیلنج ہوگا، خاص طور پر بیٹسمینوں کے لیے۔ جنہیں ایک ایسی گیند کا سامنا کرنا ہوگا جو زیادہ سوئنگ اور سیم ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں ہونے والے تاریخی ڈے/نائٹ ٹیسٹ دیکھنے کے لیے میدان میں موجود تھے اور انہوں نے پاکستان کے اگلے دورۂ آسٹریلیا کے لیے برسبین میں ڈے/نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی۔ البتہ جنوبی افریقہ اب تک ایڈیلیڈ میں ہونے والے اپنے مقابلے کے لیے گلابی گیند کے استعمال پر متفق نہیں ہوا حالانکہ اسمتھ سمجھتے ہیں کہ ایڈیلیڈ ڈے/نائٹ ٹیسٹ کے لیے زيادہ بہتر مقام ہے۔

اسمتھ کہتے ہیں کہ میرے خیال میں برسبین کی فضا میں نمی زیادہ ہونے کی وجہ سے گلابی گیند کا "رویہ" کچھ مختلف ہوگا، خاص طور پر اگر وکٹ پر گھاس چھوڑ دی گئی تو یہ بیٹسمینوں کے لیے بہت مشکل ہو جائے گا۔

آسٹریلوی کپتان کا گلابی گیند کے حوالے سے یہ ملا جلا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ بھی ان کئی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو اس نئے رنگ کی گیند کے استعمال پر تشویش کا شکار ہیں۔ لیکن ساتھ ہی کئی ممالک کی دلچسپی بڑھنے کی وجہ سے یہ بھی کہتے ہیں کہ کرکٹ آسٹریلیا کو ممکن بنانا چاہیے کہ گلابی گیند سے زیادہ سے زیادہ میچز کھیلے جائیں۔ گزشتہ سال ایک یادگار مقابلہ کھیلا گیا تھا اور کرکٹ کی کامیابی کی خاطر اس کا استعمال جاری رکھنا چاہیے۔

Steven-Smith