دورۂ انگلستان، پاکستان کے 21 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان ہوگیا

0 1,046

سال 2016ء میں دورۂ انگلستان پاکستان کی دوسری بڑی مہم ہے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بدترین ناکامی کے بعد یہاں بہتر نتیجہ لانا بہت ضروری ہے اور یہ نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا پہلا اور بہت بڑا امتحان ہوگا۔ آج ایک اہم مرحلہ عبور کرتے ہوئے پاکستان نے دورۂ انگلستان کے لیے 21 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کیا ہے، جس میں حیران کن طور پر فواد عالم کے بجائے خرم منظور شامل ہیں۔

پاک-انگلستان سیریز کا باضابطہ آغاز 14 جولائی سے لارڈز میں پہلے ٹیسٹ کے ذریعے ہوگا۔ اس کے لیے حتمی دستے کے انتخاب سے قبل یہ 21 رکنی اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے سے ایک اسکل کیمپ میں شرکت کرے گا۔

دستے میں 5 اوپنرز، 7 مڈل آرڈر بلے باز، 7 ہی تیز گیندباز، 2 اسپنرز اور 2 وکٹ کیپرز شامل ہیں۔ اوپنرز میں شان مسعود اور سمیع اسلم کے ساتھ خرم منظور کا نام بھی شامل ہے، جو ان کی آخری بین الاقوامی مہم میں پیش کردہ کارکردگی دیکھتے ہوئے حیرت انگیز ہے۔ محمد حفیظ کا نام تو فہرست میں موجود ہے لیکن ان کا انتخاب فٹنس سے مشروط ہے۔

مڈل آرڈر میں کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار یونس خان کے ساتھ اظہر علی اور اسد شفیق جیسے اہم ٹیسٹ بلے باز موجود ہیں جبکہ افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر الرحمٰن جیسے نئے نام بھی ابتدائی دستے کا حصہ ہیں۔

تیز گیندبازوں میں تقریباً تمام ہی معروف نام شامل ہیں جیسا کہ وہاب ریاض، محمد عامر، راحت علی اور تینوں خان یعنی سہیل خان، جنید خان اور عمران خان، جبکہ احسان عادل بھی شامل ہیں۔

اسپن جوڑی ان دونوں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر اہم باؤلرز پر مشتمل ہے جنہوں نے آسٹریلیا اور انگلستان کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ وکٹ کیپنگ کے لیے سرفراز احمد کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان کو بیک اپ پر رکھا گیا ہے۔

اس وقت یہ تمام کھلاڑی پاکستان ملٹری اکیڈمی، کاکول میں فٹنس کیمپ میں شریک ہیں جو 27 مئی تک جاری رہے گا۔ دو دن آرام کے بعد یہ تمام کھلاڑی 30 مئی سے 5 جون تک اسکل کیمپ میں شرکت کریں گے۔

Pakistan-Cricket-Team-summer-fitness-boot-camp

اسکل کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ انگلستان کا دورہ مشکل ہوگا اور ہو سکتا ہے کہ ہمیں وہاں فتوحات نہ ملیں لیکن امید ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کرکٹ اس دورے سے بہتر ہوگی۔

46 سالہ انضمام نے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی کے بعد ہم اب بھی ان کے اچھے متبادل کی تلاش میں ہیں، اسی طرح ہمیں آل راؤنڈرز کی بھی کمی کا سامنا ہے۔"

اس موقع پر چیف سلیکٹر نے اسکل کیمپ کے لیے پاکستان 'اے' کے دستے کے کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں شرجیل خان، فرخ زمان، جاہد علی، سعود شکیل، بابر اعظم، عمر صدیق، عبد الرحمٰن مزمل، محمد نواز، حسن علی، میر حمزہ، محمد عباس، عزیز اللہ، بلاول بھٹی، محمد اصغر، شاداب خان اور محمد حسن شامل ہیں۔

واضح رہے کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل دورۂ انگلستان کے لیے ابتدائی دستے سے بھی باہر کردیے گئے تھے اور اس اخراج کا سبب انضباطی مسائل بتایا جاتا ہے۔