ایلسٹر کک 'دس ہزاری' منصب کے قریب

انگلستان کے کپتان ایلسٹر کک 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے انگریز بلے باز بننے والے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف چیسٹر-لی-اسٹریٹ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں وہ اس سنگ میل کے بہت قریب پہنچے لیکن عین اس وقت آؤٹ ہوگئے جب انہیں صرف 5 رنز کی ضرورت تھی۔
کک فرسٹ کلاس میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے بعد جب سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اکھاڑے میں اترے تو توقع تھی کہ وہ پہلی ہی اننگز میں درکار 36 رنز مکمل کرلیں گے لیکن ہیڈنگلے ٹیسٹ کی واحد اننگز میں وہ صرف 16 رنز بنا سکے اور دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 15 رنز بنا کر سورنگا لکمل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ یوں وہ اب بھی 10 ہزار سے پانچ رنز کے فاصلے پر ہیں۔
ایلسٹر کک سے پہلے ماضی کے دو عظیم بلے باز بھی دس ہزار رنز کے سنگ میل کے قریب پہنچ کر آؤٹ ہوئے تھے۔ برائن لارا انگلستان کے خلاف اس وقت 13 رنز آؤٹ ہوگئے جب انہیں صرف سات رنز درکار تھے۔ پھر سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اس سنگ میل سے صرف ایک رن کی دوری پر رن آؤٹ ہوئے۔ وہ سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیل رہے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اب 11 ایسے بلے باز گزرے ہیں جنہوں نے 10 ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں اور ان میں انگلستان کا ایک بلے باز بھی شامل نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایلسٹر کک کے اس سنگ میل کو بہت زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے استاد گراہم گوچ کا 8900 رنز کا ریکارڈ کافی عرصے پہلے توڑ دیا تھا اور اب نظریں 10 ہزار اور اس سے آگے مرکوز ہیں۔
سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا عالمی ریکارڈ بھارت کے سچن تنڈولکر کے پاس ہے جنہوں نے اپنے 24 سالہ کیریئر میں 15 ہزار 921 رنز بنائے تھے۔ وہ شاید 16 ہزار رنز تک بھی پہنچ جاتے لیکن میچ کی واحد اننگز میں 74 رنز بنانے کے بعد دوسری باری کی نوبت ہی نہیں آئی کیونکہ ویسٹ انڈیز ایک اننگز اور 126 رنز سے ہار گیا تھا۔
بہرحال، سچن کا کوئی دور دور تک مقابل نہیں کیونکہ دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کے رنز کی تعداد 13 ہزار 378 ہے۔ جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس 13 ہزار 289 اور بھارت کے راہول ڈریوڈ 13 ہزار 288 رنز کے ساتھ ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے 13 ہزار سے زیادہ رنز بنا رکھے ہیں۔ سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے 12 ہزار 400 رنز بنائے تھے۔ 10 ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے والے باقی تمام بلے باز اس فہرست میں دیکھے جا سکتے ہیں:
سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بلے باز
بلے باز | مقابلے | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں |
---|---|---|---|---|---|---|
![]() |
200 | 15921 | 248* | 53.78 | 51 | 68 |
![]() |
168 | 13378 | 257 | 51.85 | 41 | 62 |
![]() |
166 | 13289 | 224 | 55.37 | 45 | 58 |
![]() |
164 | 13288 | 270 | 52.31 | 36 | 63 |
![]() |
134 | 12400 | 319 | 57.40 | 38 | 52 |
![]() |
131 | 11953 | 400* | 52.88 | 34 | 48 |
![]() |
164 | 11867 | 203* | 51.37 | 30 | 66 |
![]() |
149 | 11814 | 374 | 49.84 | 34 | 50 |
![]() |
156 | 11174 | 205 | 50.56 | 27 | 63 |
![]() |
168 | 10927 | 200 | 51.06 | 32 | 50 |
![]() |
125 | 10122 | 236* | 51.12 | 34 | 45 |
![]() |
128* | 9995 | 294 | 46.27 | 28 | 47 |