مچل اسٹارک ایک اور سنگ میل کے قریب
آسٹریلیا کے تیز گیندباز مچل اسٹارک ایک روزہ کرکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔ اپنے کیریئر کے ابتدائی پچاس ایک روزہ مقابلوں میں 98 وکٹیں حاصل کرکے وہ پہلے ہی ایک ریکارڈ بنا چکے ہیں، اور اب سب سے کم مقابلوں میں 100 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز ان کی گرفت میں ہے۔
سرجری کے بعد اسٹارک کتنے موثر ثابت ہوئے ہیں، یہ ویسٹ انڈیز میں جاری ٹرائی نیشن سیریز بتا رہی ہے، جہاں وہ چار مقابلوں میں آٹھ وکٹیں لے چکے ہیں۔ اب جبکہ آسٹریلیا فائنل میں پہنچ چکا ہے، وہاں بھی حریف پر حملے کے لیے گیند سب سے پہلے انہی کو تھمائی جائے گی۔ اس مرتبہ اسٹارک کا پہلا ہدف ہوگا، کم از کم دو وکٹوں کا حصول۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف آسٹریلیا کی گزشتہ کامیابی میں اسٹارک کا کردار اہم تھا کہ جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یوں 50 مقابلوں میں اپنے شکاروں کی تعداد کو 98 تک پہنچا دیا۔ یوں انہوں نے 50 مقابلوں میں نیوزی لینڈ کے شین بونڈ کا 95 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑا۔
پاکستان کے ثقلین مشتاق نے اپنے پہلے 50 ایک روزہ مقابلوں میں 93 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا اور وہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے بریٹ لی چوتھے، ان کے ہم وطن نیتھن بریکن اور پاکستان کے عظیم تیز گیندباز وقار یونس 89، 89 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
اس وقت بھارت کے محمد سمیع صرف 47 مقابلوں میں 87 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اگر انہیں رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز میں کھلایا گیا تو ہو سکتا ہے کہ وہ اسٹارک کا "نواں نویلا" ریکارڈ توڑ دیں۔
بہرحال، ایک ریکارڈ توڑنے کے بعد اب اسٹارک کو صرف دو وکٹوں کی ضرورت ہے، جو اگلے مقابلے میں حاصل کرکے وہ ثقلین مشتاق کا 53 مقابلوں میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ یا ویسٹ انڈيز میں سے کسی ایک کے درمیان ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل سوموار کو کھیلا جائے گا۔
تیز ترین 100 ایک روزہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیندباز
گیندباز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | دورانیہ | مقابلے |
---|---|---|---|---|---|
ثقلین مشتاق | سری لنکا | گوالیار | 12 مئی 1997ء | ایک سال 225 دن | 53 |
شین بونڈ | انگلستان | ایڈیلیڈ | 23 جنوری 2007ء | 5 سال 12 دن | 54 |
بریٹ لی | انگلستان | ملبورن | 25 جنوری 2003ء | 3 سال 16 دن | 55 |
عمران طاہر | ویسٹ انڈیز | باسیتیرے | 15 جون 2016ء | 5 سال 112 دن | 58 |
وقار یونس | زمبابوے | شارجہ | یکم فروری 1993ء | 3 سال 110 دن | 59 |