اینڈرسن زخمی، لارڈز ٹیسٹ میں شرکت خطرے میں

0 1,403

سری لنکا کو شکست دینے کے بعد اب انگلستان پاکستان کا سامنا کرے گا اور خطرہ ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں اپنے بہترین باؤلر کے بغیر میدان میں اترے گا۔ جیمز اینڈرسن 14 جولائی سے لارڈز میں شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل زخمی ہوگئے ہیں جس سے مقابلے میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

انگلستان کے ریکارڈ یافتہ گیندباز دائیں کندھے میں تکلیف کا شکار ہیں اور اس وقت فٹ ہونے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ پاک-انگلستان سیریز سے قبل مکمل طور پر صحت یاب ہو جائیں۔ اس کندھے میں تکلیف گو کہ کچھ عرصے سے تھی لیکن سری لنکا کے خلاف لارڈز میں ہونے والے آخری ٹیسٹ میں یہ کچھ بڑھ گئی۔ اب وہ اگلے مہینے لنکاشائر کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کا مقابلہ تو نہیں کھیل پائیں گے جو پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل ان کا آخری اہم میچ ہے۔ اگر وہ 14 جولائی تک فٹ نہ ہو سکے، جس کا خدشہ بہت زیادہ ہے، تو یہ انگلستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہوگا۔

سری لنکا کے خلاف دو-صفر سے حاصل کردہ سیریز کامیابی میں اینڈرسن نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ صرف تین مقابلوں میں انہوں نے 21 حریف کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا اور اپنی وکٹوں کی تعداد کو 454 تک پہنچا دیا۔ گو کہ اس انجری اتنی سنجیدہ نہیں ہے لیکن غلط وقت پر کھیلنے کے نتیجے میں یہ مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ امکان یہی ہے کہ وہ اولڈ ٹریفرڈ میں طے شدہ دوسرے ٹیسٹ سے پہلے مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

James-Anderson2