اسپارٹن نے دھونی کو ٹھگ لیا

0 1,053

بھارت کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان اور دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک مہندر سنگھ دھونی کو آسٹریلیا کے ادارے 'اسپارٹن' نے ٹھگ لیا۔ کمپنی 35 سالہ کپتان کی کروڑوں روپے کی مقروض ہے اور تین سالہ معاہدے کے دوران کبھی ڈھنگ سے ادائیگی نہیں کی اور اب تک وہ صرف چار اقساط دے سکی ہے۔

اسپارٹن کے بیٹ اور اسپانسر شپ کا تین سالہ معاہدہ 13 کروڑ بھارتی روپے کا ہے جبکہ رائلٹی وغیرہ ملا کر یہ 20 کروڑ کی رقم بنتی ہے۔

دھونی کے مالی معاملات سنبھالنے والی کمپنی رتی اسپورٹس اس معاملے سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کا کہنا ہے کہ آخری بار دھونی کو رواں سال مارچ میں ادائیگی کی گئی تھی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت معاملات ٹھیک نہیں ہیں لیکن وہ جلد از جلد مسائل کو حل کرے گی۔

اسپارٹن کے سڈنی سے لے کر دہلی تک مختلف شہروں میں دفاتر ہیں اور مائیکل کلارک، کرس گیل، ایون مورگن، مچل جانسن اور جو برنس جیسے کھلاڑی اس کے بیٹ استعمال کرتے ہیں۔

کرکٹ کیریئر کے اختتامی لمحات میں موجود 'ایم ایس' سب سے مقبول کھلاڑیوں میں سے ایک ہے اور ان کی برانڈ مالیت اس وقت 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی ہے۔ وہ بھارت میں فٹ بال اور ہاکی کی ایک، ایک فرنچائز کے شریک مالک ہیں اور 15 سے زیادہ اداروں کے برانڈ سفیر بھی ہیں۔

ms-dhoni