دو زندگیاں ملنے کے بعد کک نے 29 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

0 1,017

اگر پاکستان کے فیلڈر عادت سے مجبور نہ ہوتے تو شاید ایلسٹر کک کو یہ سنگ میل عبور کرنے میں مزید دیر لگتی لیکن لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلستان کے کپتان اوپنر نے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کی دوڑ میں عظیم سنیل گاوسکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ 81 رنز کی اننگز کے دوران انہوں نے کسی بھی اوپنر کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ یہ ریکارڈ 1987ء میں گاوسکر کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ قائم ہوا تھا اور آج 29 سال بعد بالآخر اپنے انجام کو پہنچا۔

31 سالہ کک 123 ٹیسٹ بطور اوپنر کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 46 اعشاریہ 52 کے اوسط سے 9630 رنز بنا رکھے ہیں۔ ان کی 28 میں سے 26 سنچریاں بھی اوپنر کی حیثیت سے ہیں۔

81 رنز کی اس اننگز کے دوران پاکستان کے فیلڈرز نے دو مرتبہ کک کے آسان کیچ چھوڑے۔ ایک بار محمد حفیظ اور دوسری بار وکٹ کیپر سرفراز احمد اس جرم کے مرتکب ٹھیرے۔

ویسے اگر پاکستانی فیلڈرز ایسے ہی "فیاضی" کے مظاہرے کرتے رہے تو عین ممکن ہے کہ اسی سیریز میں کک 10 ہزار رنز کا تاریخی سنگ میل بھی عبور کرلیں۔ اگر وہ وہ ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو انگلستان کی تاریخ کے پہلے بلے باز ہوں گے۔

پاکستان کے لیے اچھے اوپنر کی موجودگی کتنا بڑا مسئلہ ہے؟ اس کا اندازہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے اوپنر سے ہی ہو جاتا ہے۔ پاکستان کے لیے یہ اعزاز سعید انور نے حاصل کیا تھا جنہوں نے 1990ء سے 2001ء تک ٹیسٹ کرکٹ کھیلی اور 54مقابلوں میں 3957 رنز بنائے۔ یعنی پاکستان کے کسی اوپنر نے آج تک 4 ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل نہیں کیے حالانکہ دنیا بھر کے 28 بلے باز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے اوپنرز*

بلے باز مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
ایلسٹر کک 123 9630 294 46.52 26 47
سنیل گاوسکر 119 9607 221 50.29 33 42
گریم اسمتھ 114 9030 277 49.07 27 36
میتھیو ہیڈن 103 8625 380 50.73 30 29
وریندر سہواگ 99 8207 319 50.04 22 30

*اس فہرست میں ان کھلاڑیوں کی محض اوپنر کی حیثیت کھیلی گئی اننگز شامل کی گئی ہیں۔ دیگر پوزیشنوں پر بنائے گئے رنز ریکارڈ کا حصہ نہیں۔