محمد حفیظ کی باؤلنگ پرعائد پابندی ختم، دوبارہ جانچ ہوگی
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے باؤلنگ ایکشن مشکوک ثابت ہونے پر پاکستان کے محمد حفیظ پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جو رواں ماہ مکمل مکمل ہو چکی ہے۔ محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے کافی کوششیں کر چکے ہیں اور اپنے اصلاح شدہ ایکشن کی دوبارہ جانچ کروانے کے اہل بن چکے ہیں۔ حفیظ نے باؤلنگ ایکشن کو درست کرکے دو بار جانچ کروائی تھی لیکن دونوں بار ناکام ٹھیرے تھے اور یوں آئی سی سی نے پچھلے سال ان کو ایک سال کے لیے باؤلنگ کرنے سے روک دیا تھا۔
پابندی کی مدت ختم ہونے کے باوجود محمد حفیظ انگلستان کے خلاف جاری سیریز میں گیندبازی نہیں کر سکے تھے کیونکہ باؤلنگ ایکشن میں بہتری گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو رہی تھی۔ مگر ٹیم مینیجر انتخاب عالم پرامید ہیں کہ دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر حفیظ دوبارہ جانچ کروانے کے قابل ہو جائیں گے۔ وہ اپنے باؤلنگ ایکشن پر کام شروع کر چکے ہیں اور جلد ہی آئی سی سی سے ٹیسٹ کی منظوری لے لیں گے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر کسی کھلاڑی کا باؤلنگ ایکشن ایک سال میں دو بار رپورٹ ہو جائے تو اسے دوبارہ ٹیسٹ کی درخواست سے پہلے ایک سال کی معطلی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جہاں تک محمد حفیظ کی بات ہے تو ان کا باؤلنگ ایکشن پہلی بار 2014ء میں ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے رپورٹ ہوا تھا اور دوسری بار گزشتہ سال گال میں سری لنکا کے خلاف ایک مرتبہ پھر ان کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھا جس کے بعد انہیں ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ جانچ میں محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن 15 درجے کے خم سے تجاوز ہونے پر مشکوک قرار دیا گیا تھا۔
اگر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن اگلی جانچ میں شفاف قرار دے دیا گیا تو وہ انگلستان کے خلاف جاری حالیہ ٹیسٹ اور آئندہ ایک روزہ و ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کے لیے بہت اہم کھلاڑی بن جائیں گے۔