انگلستان نے تمام شعبوں میں مات دی، مصباح کا اعتراف

0 1,029

بہتر منصوبہ بندی اور حکمت عملی سے انگلستان نے اولڈ ٹریفرڈ کا معرکہ سر کرلیا۔ پاکستان کو کھیل کے تمام شعبوں میں زیر کرکے 330 رنز کے بڑے فرق سے شکست دی۔ اس عبرت ناک شکست پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے اعتراف کیا کہ کھیل کے تمما شعبوں میں انگلستان نے خود کو ہم سے بہتر ثابت کیا، اس لیے جیت کا تمام تر سہرا انگلستان کو جاتا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ اولڈ ٹریفرڈ میں ٹاس کے مرحلے سے ہی حالات انگلستان کے حق میں جھک گئے تھے، باقی کسر ایلسٹر کک اور جو روٹ کی شاندار بلے بازی نے پوری کردی۔ 600 کے قریب کا ہدف بہت بڑا تھا جس کا دباؤ واضح طور پر پاکستانی بلے بازوں پر محسوس ہو رہا تھا۔ ہمارے بلے باز 400 رنز بھی بنا دیتے تو مقابلے کی کیفیت بحال رہتی لیکن انگلش گیندبازوں نے قریب پھٹکنے بھی نہیں دیا۔

پاکستانی قائد کا کہنا تھا کہ اس بڑے ہدف کے تعاقب میں ہم نے اوسط سے بھی کم درجے کی کارکردگی دکھائی۔ یہ بہت مایوس کن بات تھی۔ پاکستان کو بلے بازی، گیندبازی اور فیلڈنگ تینوں میں بہت بہتری لانا ہوگی اور خود کو لارڈز والے جذبے سے سرشار کرنا ہوگا۔

گزشتہ مقابلے میں شاندار کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے مصباح نے کہا کہ لارڈز کے فاتح نے مانچسٹر میں بہت پست درجے کا کھیل پیش کیا، جس کی اہم وجہ پچ ميں موجود باؤنس بھی تھا جو ہمارے مضبوط ہتھیار یاسر شاہ کے لیے موزوں ثابت نہیں ہوا۔ مصباح کے مطابق سوئنگ کے لیے سازگار حالات یاسر شاہ کے لیے بدترین اور کک اور روٹ کے لیے بہترین ثابت ہوئے۔ یاسر شاہ کی گیند بازی کے لیے دوسرا یا تیسرا دن فائدہ مند ہوتا جب اتنا اچھال باقی نہيں رہا تھا۔

مصباح نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کی ناقابل اعتبار فطرت اپنے اندر اچھے اور برے دونوں مواقع رکھتی ہے، ہم اچھا کھیل کر سیریز میں واپسی کریں گے اور پاکستانی ٹیم اس کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

دو مقابلوں کے بعد چار ٹیسٹ کی سیریز ایک-ایک سے برابر ہے۔ تیسرا ٹیسٹ 3 اگست سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

Yasir-Shah