سری لنکا کے خلاف انگلستان کے دستے کا اعلان

1 1,027

انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کے مرحلے کے لیے دستے کا اعلان کر دیا۔ دونوں مرحلوں میں انگلستان کی ٹیم نئے قائدین کے ساتھ میدان میں اترے گی جن میں ایلسٹر کک ایک روزہ اور اسٹورٹ براڈ ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت کریں گے۔

اینڈریو اسٹراس نے تو ٹیسٹ مرحلے میں ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا، اب اسٹورٹ براڈ اور ایلسٹر کک کی صلاحیتوں کا اصل امتحان شروع ہوگا

ٹیسٹ سیریز میں 1-0 سے کامیابی سمیٹنے کے بعد محدود اوورز کے اس مرحلے کے لیے انگلستان نے دو کھلاڑیوں کو طلب کیا ہے جن میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے کھیلنے والے سمیت پٹیل اور سمرسیٹ کی نمائندگی کرنے والے کریگ کیزویٹر شامل ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی دستے کی قیادت سے محروم کیے گئے پال کولنگ ووڈ کو ٹیم میں شامل تک نہیں کیا گیا۔ قومی سلیکٹر جیف ملر نے پال کولنگ ووڈ کے اخراج کا سبب ان کی ناقص فارم کو قرار دیا ہے جبکہ انہوں نے اس ٹیم کے اعلان سے ایک روز قبل ہی کاؤنٹی کرکٹ میں ڈرہم کی جانب سے سنچری اسکور کی ہے۔

کرک نامہ کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 5 میچز پر مشتمل ایک روزہ مرحلے کے لیے 14 رکنی جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے 13 رکنی دستے کو منتخب کیا گیا ہے۔

سمیت اور کیزویٹر کے علاوہ اسٹیون فن کی دونوں دستوں میں شمولیت ایک نسبتا حیران کن عمل تھا جبکہ جیمز اینڈرسن ایک روزہ دستے میں تو موجود ہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی میں انہیں جگہ نہیں دی گئی۔ دوسری جانب بلے بازوں میں روی بوپارا کو ناقص فارم کے باوجود دونوں طرز کی کرکٹ میں دستے میں برقرار رکھا گیا ہے۔ گو کہ جیڈ ڈرنباخ اور کرس ووکس کو دستے میں طلب کیا ہے لیکن ٹیسٹ سیریز کے مین آف دی سیریز حیران کن طور پر دونوں دستوں میں شامل نہیں ہیں۔

سری لنکا اور انگلستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی 25 جون کو برسٹل میں کھیلا جائے گا جس کے لیے اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اسٹورٹ براڈ (کپتان)، اسٹیون فن، این بیل،ایون مورگن، جیڈ ڈرنباخ، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کرس ووکس، کریگ کیزویٹر، کیون پیٹرسن، گریم سوان، لیوک رائٹ اور مائیکل لمب۔

5 ایک روزہ میچز کا آغاز 28 جون کو اوول کے تاریخی میدان میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ سے ہوگا جس کے لیے اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، این بیل، ایون مورگن، جوناتھن ٹراٹ، جیڈ ڈرنباخ، جیمز اینڈرسن، روی بوپارا، سمیت پٹیل، کرس ووکس، کریگ کیزویٹر، کیون پیٹرسن اور گریم سوان۔