کرس ٹریملٹ دنیا کے دس بہترین باؤلرز میں شامل

1 1,039

سری لنکا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے انگلینڈ کے تیز گیند باز کرس ٹریملٹ کیریئر میں پہلی بار دنیا کے 10 بہترین باؤلرز کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔

کرس ٹریملٹ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت انگلستان مسلسل پانچویں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا

سرے سے تعلق رکھنے والے 6 فٹ 7 انچ کی طویل قامت کے حامل ٹریملٹ نے ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پہلی اننگ میں 6 حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا اور مجموعی طور پر میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے ساتھ ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں 92 قیمتی پوائنٹس ملے جن سے وہ 13 درجے پھلانگ کے نمبر 10 پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹریملٹ نے مجموعی طور پر سیریز میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ سرفہرست 10 گیند بازوں میں انگلستان کے تیسرے باؤلر ہیں۔ اسپنر گریم سوان دوسرے جبکہ جیمز اینڈرسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سری لنکا کے کمار سنگاکارا آخری ٹیسٹ میں یادگار سنچری اسکور کرنے کے بعد اپنی کھوئی ہوئی تیسری پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے روز باؤل ٹیسٹ کے آخری روز کیریئر کی 25 ویں اور انگلستان کی سرزمین پر واحد سنچری اسکور کی۔ ان کے تیسرے درجے پر آنے کی وجہ سے انگلش بلے باز جوناتھن ٹراٹ دوبارہ چوتھی پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

سیریز میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انگلش بلے باز این بیل چار درجے ترقی پا کر 13 ویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔ انہوں نے روز باؤل ٹیسٹ میں ناقابل شکست 119 رنز کے ذریعے کیریئر کی 14 سنچری بنائی۔

سری لنکا کے تھیلان سماراویرا بھی کیریئر میں پہلی مرتبہ سرفہرست 10 بلے بازوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں 87 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور چار درجے پھلانگ کر نویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس اور بھارت کے سچن ٹنڈولکر بدستور بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔ ٹنڈولکر بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جمیکا میں جاری ٹیسٹ کے اختتام پر دوسرے نمبر پر آ جائیں گے۔

دوسری جانب 1-0 سے سیریز جیتنے کے بعد انگلستان کو ایک ریٹنگ پوائنٹ حاصل ہوا ہے جبکہ سری لنکا دو ریٹنگ پوائنٹس گنوا بیٹھا ہے۔ تاہم دونوں کی درجہ بندی میں کوئی فرق نہيں آیا اور دونوں بدستور تیسری و چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ - تازہ ترین عالمی درجہ بندی

ٹیموں کی عالمی درجہ بندی

بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی

گیند بازوں کی عالمی درجہ بندی