امریکا میں کرکٹ کی سہولیات پر کمبلے حیران

0 1,091

امریکا کی ریاست فلوریڈا بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی کرنے جارہی ہے۔ پہلا میچ گزشتہ روز کھیلا گیا اور انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کی کامیابی پر مکمل ہوا جبکہ دوسرا مقابلہ آج یعنی اتوار کو کھیلا جائے گا۔ دونوں مقابلوں کی میزبانی سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ کررہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم امریکا میں کھیل رہی ہے۔

امریکا کرکٹ کی سرزمین نہیں ہے، بلکہ "سارے زمانے سے نرالا" ملک ہے کہ جہاں بالکل مختلف کھیل کھیلے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود بھارتی کوچ انیل کمبلے کہتے ہیں کہ’’میں نے امریکا میں اتنی عمدہ سہولیات کی توقع بالکل بھی نہیں کی تھی۔ مجھے لگتا تھا کہ یہ کوئی عارضی سا انتظام ہوگا۔ میں نے فلوریڈا اور اس میدان کے بارے میں سن ضرور رکھا تھا، لیکن آج یہاں کی سہولیات دیکھ کر خاصا متاثر ہوا ہوں۔‘‘ کمبلے نے مزید کہا کہ ’’میں نے یہ میدان پہلی بار دیکھا ہے اور وکٹ بھی اچھی ہے جو ٹی ٹوئنٹی کے لیے موزوں ہے۔‘‘

کمبلے نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ مقابلے دیکھنے کے لیے امریکا میں موجود بھارتی عوام کی بڑی تعداد آئے گی، جو عرصے سے ایسے موقع کا انتظار کر رہی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے جب ویسٹ انڈیز میں کرکٹ کھیلی تھی تو امریکا میں مقیم بھارتیوں کی بڑی تعداد ہمیں دیکھنے وہاں آئی تھی، تو یہ یقیناً ان کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور مجھے یقین ہے کہ امریکا میں یہ ایک نیا آغاز ثابت ہوگا۔‘‘

آپ کو بتاتے چلیں کہ دو میچوں کی یہ سیریز آگے چل کر امریکا کے ایک سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈھل جائے گی۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر اسے ’’کرکٹ کو نئے علاقوں اور شائقین تک پہنچانے‘‘ کے عمل کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

اس سے پہلے بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو-صفر سے فتح ہوئی تھی۔

Central-Broward-Regional-Park-Florida