سنگاکارا کی یادگار سنچری، تیسرا ٹیسٹ ڈرا، انگلستان سیریز کا فاتح

1 1,035

قائم مقام کپتان کمار سنگاکارا کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا بارش سے متاثرہ تیسرا ٹیسٹ برابر کرنے میں تو کامیاب ہو گیا لیکن وہ انگلستان کو مسلسل پانچویں ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کرنے سے نہ روک سکا۔ یوں اینڈریو اسٹراس الیون نے نیٹ ویسٹ سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کر کے ہوم گراؤنڈ پر بھی مسلسل پانچویں سیریز جیتی ہے۔ انگلستان کو آخری مرتبہ 2008ء میں جنوبی افریقہ نے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی اور اس کے بعد سے وہ ناقابل شکست چلا آ رہا ہے۔

سنگاکارا نے انگلستان میں کیریئر کی پہلی سنچری داغی، ان کی اسی اننگ کی بدولت سری لنکا میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوا

روزباؤل، ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں سری لنکا کو سیریز برابر کرنے کے لیے فتح حاصل کرنا لازمی تھا لیکن ٹاس ہارنے کے بعد پہلی اننگ میں ناقص بلے بازی اور بارش کا بارہا میچ کو متاثر کرنا اسے فیصلہ کن مرحلے تک نہ لا سکا تاہم دوسری اننگ میں سری لنکا خصوصا قائم مقام کپتان کمار سنگاکارا نے جس شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کی بدولت وہ میچ کو ڈرا کرنے میں ضرور کامیاب ہوا۔

انگلستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بلے بازی کا موقع دیا تو کرس ٹریملٹ اور جیمز اینڈرسن کے ابتدائی حملوں کے بعد 39 پر سری لنکا کی 4 وکٹیں گر گئیں اور وہ آخر میں اس سے سنبھل نہ سکا۔ پرسنا جے وردھنے کی 43 اور دلہارا فرنانڈو 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کی بدولت سری لنکا بمشکل 184 رنز بنا سکا۔ ٹریملٹ نے 48 رنز دے کر 6 حریف بلے بازوں کو ٹھکانے لگاایا جن میں پرناوتنا، مہیلا جے وردھنے، تھیلان سماراویرا اور تھسیرا پیریرا کی وکٹیں بھی شامل تھیں۔ جمی اینڈرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلستان کی ابتدائی لڑکھڑاہٹ میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کر دیتی لیکن ایلسٹر کک اور کیون پیٹرسن نے تیسری وکٹ پر 106 رنز کی شراکت قائم کر کے انگلستان کو مزید نقصان سے بچا لیا جس کی ابتدائی دو وکٹیں محض 14 رنز پر گر چکی تھیں۔ اینڈریو اسٹراس کی ناقص فارم کا سلسلہ بدستور برقرار رہا جو محض 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ جوناتھن ٹراٹ محض 4 رنز بنا سکے۔ کک اور پیٹرسن کے پویلین لوٹنے تک انگلستان سری لنکا پر برتری حاصل کر چکا تھا۔ اننگ کی سب سے خاص بات این بیل اور ایون مورگن کے درمیان چھٹی وکٹ پر 137 رنز کی شراکت تھی۔ ایون مورگن نے 110 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ این بیل 12 چوکوں کی مدد سے 119 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ انگلستان نے اپنی پہلی اننگ آٹھویں وکٹ گرتے ہی 377 رنز پر ڈکلیئر کر دی تو ڈیڑھ دن کا کھیل باقی تھا اور انگلستان کو امید تھی کہ وہ اپنی مضبوط باؤلنگ کی بدولت میچ کو پہلے ٹیسٹ کی طرح ایک مرتبہ پھر فیصلہ کن مرحلے تک لے آئے گا لیکن ان کے راہ میں کمار سنگاکارا حائل ہو گئے۔ جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا کا اسکور 112 رنز تین کھلاڑی آؤٹ تھا اور سنگاکارا 44 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے تھے۔

گو کہ آخری روز میچ کسی فیصلہ کن مرحلے کی جانب جاتا نہیں دکھائی دیتا تھا لیکن پہلے ٹیسٹ کی ناقص کارکردگی کے باعث سری لنکا سے بعید نہیں تھا کہ وہ ایک مرتبہ پھر اسی طرح ڈھیر ہو جاتا۔ لیکن نائٹ واچ مین رنگانا ہیراتھ اور کپتان کے درمیان 75 رنز کی شراکت نے انگلستان کی صبح جلد از جلد وکٹیں حاصل کرنے کی تمام تمناؤں پر پانی پھیرا دیا۔ بعد ازاں تھیلان سماراویرا کے بھرپور ساتھ کی بدولت قائم مقام کپتان نے کیریئر کی 25 ویں اور انگلستان میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔ جب پانچویں روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا کا اسکور 5 وکٹوں پر 334 رنز تھا۔ یوں میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو گیا تاہم سیریز کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا تھا۔

انگلستان کے کرس ٹریملٹ کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

انگلستان بمقابلہ سری لنکا

این پاور ٹیسٹ سیریز 2011ء

تیسرا ٹیسٹ، بمقام روز باؤل، ساؤتھمپٹن

16 تا 20 جون 2011ء

نتیجہ: میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

مین آف دی میچ: کرس ٹریملٹ

سری لنکا پہلی اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ایل بی ڈبلیو کرس ٹریملٹ 11 43 1 0
لہیرو تھریمانے ک اینڈریو اسٹراس ب جیمز اینڈرسن 10 38 0 0
کمار سنگاکارا ک میٹ پرائیر ب جیمز اینڈرسن 2 14 0 0
مہیلا جے وردھنے ک کیون پیٹرسن ب کرس ٹریملٹ 4 25 0 0
تھیلان سماراویرا ک ایون مورگن ب گریم سوان 31 74 4 0
پرسنا جے وردھنے ک ایون مورگن ب گریم سوان 43 104 5 0
تھیسارا پیریرا ک میٹ پرائیر ب کرس ٹریملٹ 2 6 0 0
رنگانا ہیراتھ ک جیمز اینڈرسن ب کرس ٹریملٹ 12 15 1 0
دلہارا فرنینڈو ناٹ آؤٹ 39 51 6 0
سورنگا لکمل ک میٹ پرائیر ب کرس ٹریملٹ 0 1 0 0
چناکا ویلیگدرا ک ایون مورگن ب اسٹورٹ براڈ 7 17 1 0
کل رنز 64.2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 184

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
جیمز اینڈرسن 23 7 56 2
اسٹورٹ براڈ 19.2 3 51 1
کرس ٹریملٹ 20 5 48 6
گریم سوان 2 0 12 1

 

انگلستان پہلی اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
اینڈریو اسٹراس ک تھرنگا پرنوتنا ب چناکا ویلگدرا 3 10 0 0
ایلسٹر کک ک تھیلان سمارا ویرا ب چناکا ویلگدرا 55 102 7 0
جوناتھن ٹراٹ ک پرسنا جے وردھنے ب سورنگا لکمل 4 17 0 0
کیون پیٹرسن ک پرسنا جے وردھنے ب تھیسارا پریرا 85 115 14 0
این بیل ناٹ آؤٹ 119 169 12 0
جیمز اینڈرسن ک پرسنا جے وردھنے ب چناکا ویلگدرا 27 33 5 0
ایون مورگن ک پرسنا کے وردھنے ب سورنگا لکمل 71 110 7 0
میٹ پرائیر ک مہیلا جے وردھنے ب تھیسارا پریرا 0 2 0 0
اسٹورٹ براڈ ک (رندیو) ب چناکا لکمل 0 6 0 0
کل رنز 92.4 اوورز؛ 8 کھلاڑی آؤٹ 377

 

سری لنکا باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
چناکا ویلگدرا 24 3 90 2
سورنگا لکمل 24.2 2 99 3
دلہارا فرنینڈو 10.2 0 47 1
تھیسارا پیریرا 24 3 101 2
رنگانا ہیراتھ 9 0 37 0
مہیلا جے وردھنے 1 0 5 0

 

سری لنکا دوسری اننگ رنز گیندیں چوکے چھکے
تھارنگا پرناوتنا ک گریم سوان ب جیمز اینڈرسن 10 38 2 0
لہیرو تھریمانے ک اینڈریو اسٹراس ب کرس ٹریملٹ 38 112 4 0
کمار سنگاکارا ک (اے روز) ب جیمز اینڈرسن 119 249 16 0
مہیلا جے وردھنے ک میٹ پرائیر ب اسٹورٹ براڈ 6 23 1 0
رنگانا ہیراتھ ایل بی ڈبلیو گریم سوان 36 72 4 0
تھیلان سماراویرا ناٹ آؤٹ 87 128 9 0
پرسنا جے وردھنے ناٹ آؤٹ 6 6 1 0
کل رنز 104 اوورز؛ 5 کھلاڑی آؤٹ 334

 

انگلستان باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
جیمز اینڈرسن 30 9 81 2
کرس ٹریملٹ 21 5 66 1
اسٹورٹ براڈ 18 4 51 1
گریم سوان 25 6 57 1
کیون پیٹرسن 7 1 30 0
جوناتھن ٹراٹ 3 0 24 0