ویسٹ انڈیز کرس گیل کی خدمات سے محروم، پاکستان کے لیے سکھ کا سانس

0 1,049

ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن رواں ماہ پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے گا لیکن محدود اوورز مرحلے میں اپنے دو اہم ترین کھلاڑیوں کے بغیر۔ یعنی پاکستان کے باؤلرز کے لیے یہ سکھ کا سانس ہے کہ کرس گیل اور لینڈل سیمنز ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔ لیکن جارحانہ بلے بازی کے شوقین تماشائیوں کے لیے یہ خبر مایوس کن ہے۔ تین ٹی ٹوئنٹی اور اس کے بعد تین ایک روزہ مقابلوں کے لیے کرس گیل نے اپنی عدم دستیابی سے سلیکٹرز کو آگاہ کردیا تھا جبکہ سیمنز طبی وجوہات کی بنا پر شرکت سے محروم رہیں گے۔ پاک-ویسٹ انڈیز سیریز کا آغاز 23 ستمبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔

ان تجربہ کار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے رومین پاول اور نکولس پورن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دو سال بعد چیڈوک والٹن کی قسمت نے بھی یاوری کی ہے وہ بھی ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے۔ جیروم ٹیلر کو بھارت کے خلاف تو موقع نہيں ملا لیکن پاکستان کے مقابلے میں انہیں بھی بلایا گیا ہے، لیکن صرف ٹی ٹوئنٹی کے لیے۔

ٹیسٹ اوپنر کریگ بریتھویٹ کو پہلی بار ایک روزہ دستے کا حصہ بنایا گیا ہے جو باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں الزاری جوزف اور بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اوپنر ایون لوئس کے ساتھ بہترین اضافہ ثابت ہوں گے۔

اس دورے میں سب سے زیادہ کمی جس کھلاڑی کی محسوس ہوگی وہ ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی عالمی چیمپئن بنانے والے ڈیرن سیمی ہوں گے۔ یعنی پشاور زلمی کے پرستاروں کے لیے یہ اچھی خبر نہیں ہے جو سیمی کو ضرور کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کی جگہ کارلوس بریتھویٹ تینوں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے۔ ایک روزہ دستے کے کپتان جیسن ہولڈر ہوں گے۔

تین ٹی ٹوئنٹی مقابلے 23، 24 اور 27 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ایک روزہ مقابلوں کی سیریز 30 ستمبر سے شروع ہوگی اور 5 اکتوبر کو آخری ون ڈے ہوگا۔ بعد ازاں تین ٹیسٹ میچز کے لیے دستوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

ایک روزہ دستہ:

جیسن ہولڈر (کپتان)، سلیمان بین، کارلوس بریتھویٹ، کریگ بریتھویٹ، ڈیرن براوو، جوناتھن کارٹر، جانسن چارلس، شینن گیبریل،الزاری جوزف، ایون لوئس، سنیل نرائن، ایشلے نرس، کیرون پولارڈ، دنیش رامدین اور مارلون سیموئلز۔

ٹی ٹوئنٹی دستہ:

کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، سیموئیل بدری، ڈیوین براوو، جانسن چارلس، آندرے فلیچر، جیسن ہولڈر، ایون لوئس، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، نکولس پورن، رومین پاول، آندرے رسل، مارلن سیموئلز، جیروم ٹیلر اور چیڈوک والٹن.

Chris-Gayle