گلابی گیند ٹیسٹ پانچ دن نہیں چلے گا، ڈیل اسٹین

0 1,091

عالمی نمبر ایک جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز ڈیل اسٹین سمجھتے ہیں کہ ایڈیلیڈ میں ہونے والا تاریخی ڈے نائٹ ٹیسٹ پانچ دن بھی نہیں چلے گا۔

گلابی گیند کے ذریعے کھیلے گئے اب تک کے مقابلوں کو دیکھنے کے بعد اپنے تجربے کی بنیاد پر ڈیل اسٹین کہتے ہیں کہ گیند کی صورت برقرار رکھنے کے لیے عملے کو میدان میں مناسب گھاس چھوڑ رکھے گا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں اسٹین کا کہنا تھا کہ ’’یہ مقابلہ زیادہ سے زیادہ چار دن تک جاسکتا ہے۔ وکٹ کچھ زیادہ سبز ہوگی، کیونکہ اگر اسے خشک رکھا گیا تو گیند دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چنانچہ اسے تھوڑا بہت سبز رکھنا ہی پڑے گا۔‘‘

جنوبی افریقہ نومبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گا، جہاں پانچ ایک روزہ کے ساتھ ساتھ تین ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز بھی ہوگی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلا گیا تھا جس میں گیند خاصی ناہموار سی ہوگئی تھی اور تین ہی دن میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کرلی تھی۔

ٹیسٹ میں 416 وکٹیں لینے والے اسٹین کہتے ہیں کہ اگرچہ انہوں نے اب تک گلابی گیند سے باؤلنگ نہیں کی، لیکن آسٹریلیا کے خلاف مقابلے میں پہلے چند وارم اپ مقابلے ہوں گے جو انہیں مدد دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ’’اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ میرے ہاتھ میں کیا تھماتے ہیں۔۔۔ چاہے گھر میں کھیلتے ہوئے ٹینس گیند ہی تھمادیں اور میں تب بھی دوسرے کنارے پر موجود شخص کو ہرانے کی کوشش کروں گا! تو چاہے گیند گلابی ہو، سرخ ہو، یا سفید ہو، میرا تو مقابلہ بیٹسمین سے ہوگا ہی۔‘‘