پاک-ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی، قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

0 1,025

دورۂ انگلستان کے واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں کامیابی کے بعد اب پاکستان کا نیا امتحان شروع ہونے کو ہے اور اس بار مدمقابل عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ہوگا۔ محدود ترین طرز کی کرکٹ میں اس موثر ترین ٹیم کے ساتھ پاکستان کا پہلا ٹاکرا 23 ستمبر کو ہوگا جس کے بعد مزید دو مقابلے کھیلے جائیں گے۔

اس بہت اہم سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ منتخب دستے میں نوجوانوں کی اکثریت ہے۔
اپنے پہلے ہی مقابلے میں انگلستان کو چت کرنے کے بعد اعتماد سمیٹنے والے سرفراز احمد کپتان ہیں جبکہ عمر اکمل کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی تھی۔ ان کی چند دھواں دار اننگز کے بعد یقینی تھا کہ وہ ٹیم میں واپس آئیں گے۔

علاوہ ازیں سعد نسیم اور رمان رئیس بھی واپس آئے ہیں اور حیران کن طور پر عماد بٹ کو اس مرتبہ منتخب نہیں کیا گیا۔ یعنی عماد محض انگلستان کے سیر سپاٹے کرکے واپس آ گئے اور بغیر کوئی مقابلہ کھیلے ٹیم سے باہر بھی ہوگئے۔

تجربہ کار لیکن ناقص فٹنس رکھنے والے محمد عرفان اور آؤٹ آف فارم محمد حفیظ بھی دستے کا حصہ نہیں ہیں۔
قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی:

سرفراز احمد (کپتان و وکٹ کیپر) ، شرجیل خان، خالد لطیف، عمر اکمل، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد رضوان، حماد اعظم، سہیل تنویر، وہاب ریاض، محمد عامر، حسن علی، محمد نواز، سعد نسیم اور رمان رئیس۔