ویسٹ انڈین فتح کی راہ میں "دیوار" حائل ہو گئی، بھارت کو 63 رنز سے فتح نصیب

1 1,049

بھارتی 'دیوار' ویسٹ انڈیز کی فتح میں راہ میں حائل ہو گئی، صورتحال کے لحاظ سے بہترین سنچری داغ کر راہول ڈریوڈ نے ثابت کر دیا کہ ان میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے، اور انہی کی یادگار اننگ کی بدولت بھارت نے دورۂ کیریبین میں طویل طرز کی کرکٹ کا پہلا معرکہ سر کر لیا۔ پہلی اننگز میں سریش رائنا اور ہربھجن سنگھ کی میچ بچاؤ کارکردگی نے بھی بھارت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح مہمان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

راہول ڈریوڈ نے کیریئر کی 32 ویں سنچری داغ کر بھارت کی فتح کی راہ ہموار کی

سبائنا پارک، جمیکا میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھارت نے ٹاس جیت کے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور تین کھلاڑیوں ویرات کوہلی، پروین کمار اور ابھینو مکنڈ کو اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع دیا ۔ تاہم ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ ابتداء میں درست ثابت نہ ہوا اور روی رامپال اور دیوندر بشو کی تباہ کن گیند بازی نے 85 کے مجموعے تک بھارت کے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی۔ اس مشکل صورتحال میں سریش رائنا اور ہربھجن سنگھ نے تیز رفتار انداز اختیار کر کے کھیل کا پانسہ پلٹنے کی کامیاب کوشش کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ پر 146 رنز کی قیمتی شراکت قائم کر کے بھارت کی فتح کی بنیاد رکھی۔ سریش رائنا نے 115 گیندوں پر 15 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے اور اننگ کے ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ہربھجن سنگھ نے 74 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی تیز رفتار اننگ کھیلی۔ یوں بھارت ان دونوں اننگز کے بل بوتے پر پہلی اننگ میں 246 رنز بنانے میں کامیاب ہو گیا جو وکٹ کو دیکھتے ہوئے بہت مناسب اسکور تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے فیڈل ایڈورڈز نے 4 جبکہ روی رامپال اور دیوندر بشو نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز ایک مرتبہ پھر اپنے بیٹنگ مسائل سے نبرد آزما ہوتا دکھائی دیا اور اوپنر اینڈرین بارتھ کے علاوہ کوئی بلے باز بھارتی باؤلنگ لائن اپ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ بارتھ نے 122 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ کارلٹن با 27 اور شیونرائن چندرپال 23 رنز کے ساتھ دیگر قابل ذکر بلے باز رہے۔ ویسٹ انڈیز پہلی اننگ میں 73 رنز کے خسارے میں رہا اور پوری ٹیم 173 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے ڈیبوٹنٹ پروین کمار اور ایشانت شرما نے تین، تین جبکہ امیت مشرا اور ہربھجن سنگھ دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

73 رنز کی برتری کے ساتھ بھارت کو نفسیاتی برتری بھی حاصل ہو گئی اور یوں اس کے بلے باز نسبتا پرسکون انداز میں اپنی دوسری اننگ کا آغاز کرنے میدان میں اترے۔ لیکن مرلی وجے دوسری اننگ میں بھی ناکام رہے اور بھارت کی پہلی وکٹ بغیر کسی رن کے گر گئی۔ بحیثیت مجموعی دوسری اننگ میں بھارت کے کسی بلے باز نے قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھائے سوائے راہول ڈریوڈ کے۔ یہ راہول کی 112 رنز کی یادگار اننگ ہی تھی جس کی بدولت بھارت ویسٹ انڈیز کو 326 رنز کا ناقابل عبور ہدف دینے میں کامیاب ہوا ورنہ ڈیرن سیمی اور دیوندر بشو کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے بھارتی بیٹنگ لائن اپ کا جنازہ نکل چکا ہوتا۔ ڈریوڈ نے مکنڈ کے ساتھ 56، کوہلی کے ساتھ 43، رائنا کے ساتھ 48 اور نویں وکٹ پر امیت مشرا کے ساتھ 56 رنز کی اہم شراکتیں قائم کیں اور بھارت کی فتح پر مہر ثبت کی۔ ڈریوڈ 274 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے اور بھارت کی گرنے والی سب سے آخری وکٹ تھے۔ یوں 252 رنز بنانے کے بعد پہلی اننگ کی 73 رنز کی برتری ملا کر ویسٹ انڈیز کو کل 326 رنز کا ہدف ملا جو وکٹ اور ویسٹ انڈین بلے بازوں کی فارم کو دیکھتے ہوئے ناقابل عبور تھا۔

اس کے باوجود ویسٹ انڈین بلے بازوں نے دوسری اننگ کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور ایڈرین بارتھ اور لینڈل سیمنز نے 62 رنز کی اچھی ابتدائی شراکت قائم کی لیکن بارتھ اور رامنریش سروان کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے اور بعد ازاں سیمنز کے بھی پویلین سدھارنے کے باعث ویسٹ انڈین کو ملنے والی برتری کا خاتمہ ہو گیا اور میچ کا پانسہ واضح طور پر بھارت کے حق میں پلٹ گیا۔ ڈیرن براوو اور چندرپال نے چوتھی وکٹ پر 68 رنز کی شراکت قائم کر کے چوتھے روز کا اختتام پرامید انداز میں کیا۔

پروین کمار نے آخری روز مسلسل دو وکٹیں گرا کر ویسٹ انڈین امیدوں کا چراغ گل کر دیا

لیکن پانچویں روز پہلے پروین کمار کی ڈبل اسٹرائیک اور دوسرے اینڈ سے ہربھجن سنگھ کے کارلٹن با کو سالگرہ کے دن صفر پر ٹھکانے لگانے نے ویسٹ انڈین امیدوں کے آخری چراغ گل کر دیے۔ ویسٹ انڈیز صبح کے سیشن ہی میں اپنی بچ جانے والی 7 میں سے 6 وکٹیں گنوا بیٹھا۔ آخری دو وکٹوں نے 74 رنز بنا کر خوب مزاحمت کی لیکن وہ فتح کے قریب بھی نہ پھٹک سکےاور کالی آندھی کا سفر ہدف سے 63 رنز پہلے ہی تمام ہوگیا۔

پروین کمار اور ایشانت شرما نے دوسری اننگ میں بھی3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ امیت مشرا کو 2 جبکہ ہربھجن اور رائنا کو ایک ، ایک وکٹ ملی۔
راہول ڈریوڈ کو کیریئر کی 32 ویں سنچری اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لیکن پروین کمار کی کارکردگی بھی شاندار رہی جنہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں 80 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور یہ ان کی آخری روز یکے بعد دیگرے دو بلے بازوں کو آؤٹ کرنے ہی کا نتیجہ تھا کہ بھارت با آسانی میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

یہ بھارت کی ویسٹ انڈیز میں مجموعی طور پر صرف پانچویں اور جمیکا میں دوسری فتح تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا معرکہ 28 جون سے برج ٹاؤن، بارباڈوس میں ہوگا۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ بھارت

پہلا ٹیسٹ، سبائنا پارک، کنگسٹن، جمیکا

20 تا 23 جون 2011ء

نتیجہ: بھارت 63 رنز سے کامیاب
مین آف دی میچ: راہول ڈریوڈ
سیریز: بھارت 1 - 0 ویسٹ انڈیز

بھارت بھارت پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ابھینو مکنڈ ب رامپال 11 41 1 0
مرلی وجے ک بشو ب رامپال 8 12 1 0
راہول ڈریوڈ ک سیمی ب بشو 40 67 7 0
وی وی ایس لکشمن ک سیمی ب بشو 12 31 2 0
ویرات کوہلی ک با ب ایڈورڈز 4 10 1 0
سریش رائنا ک بشو ب رامپال 82 115 15 0
مہندر سنگھ دھونی ک سیمنز ب بشو 0 2 0 0
ہربھجن سنگھ ک بشو ب ایڈورڈز 70 74 10 1
پروین کمار ایل بی ڈبلیو ایڈورڈز 4 7 1 0
امیت مشرا ک سروان ب ایڈورڈز 6 13 0 0
ایشانت شرما ناٹ آؤٹ 0 2 0 0
فاضل رنز (ب 1، ل ب 2، ن ب 6) 9
کل رنز 61.2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 246 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
فیڈل ایڈورڈز 16 1 56 4
روی رامپال 18.2 2 59 3
ڈیرن سیمی 13 3 42 0
دیوندر بشو 11 2 75 3
لینڈل سیمنز 2 0 8 0
برینڈن نیش 1 0 3 0

 

ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز پہلی اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ایڈرین بارتھ ک دھونی ب کمار 64 122 9 1
لینڈل سیمنز ک وجے ب کمار 3 23 0 0
رامنریش سروان ایل بی ڈبلیو ب شرما 3 30 0 0
ڈیرن براوو ک دھونی ب کمار 18 56 2 0
شیونرائن چندرپال ک مکنڈ ب ہربھجن سنگھ 23 74 2 0
برینڈن نیش ک رائنا ب کمار 1 11 0 0
کارلٹن با ک وجے ب ہربھجن سنگھ 27 35 2 1
ڈیرن سیمی ب شرما 1 11 0 0
روی رامپال ناٹ آؤٹ 14 19 2 0
فیڈل ایڈورڈز ک دھونی ب مشرا 7 28 1 0
دیوندر بشو ک رائنا ب مشرا 4 2 1 0
فاضل رنز (ب 1، ل ب 3، ن ب 4) 8
کل رنز 67.5 اوورز، تمام کھلاڑی آؤٹ، 173 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 18 5 38 3
ایشانت شرما 17 6 29 3
امیت مشرا 13.5 1 51 2
ہربھجن سنگھ 19 5 51 2

 

بھارت بھارت دوسری اننگز رنز گیندیں چوکے چھکے
ابھینو مکنڈ ک با ب بشو 25 75 3 0
مرلی وجے ایل بی ڈبلیو ب رامپال 0 2 0 0
راہول ڈریوڈ ک سروان ب بشو 112 274 10 1
وی وی ایس لکشمن ک و ب سیمی 0 5 0 0
ویرات کوہلی ک با ب ایڈورڈز 15 54 2 0
سریش رائنا ک سیمی ب بشو 27 53 3 0
مہندر سنگھ دھونی ک ایڈورڈز ب بشو 16 16 1 1
ہربھجن سنگھ ایل بی ڈبلیو ب سیمی 5 31 0 0
پروین کمار ب سیمی 0 2 0 0
امیت مشرا ک براوو ب سیمی 28 60 4 0
ایشانت شرما ناٹ آؤٹ 5 6 1 0
فاضل رنز (ب 8، ل ب 2، ن ب 9) 19
کل رنز 94.5 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 252 رنز

 

ویسٹ انڈیز باؤلنگ اوورز میڈن رنز وکٹیں
فیڈل ایڈورڈز 20 1 70 1
روی رامپال 22 3 49 1
ڈیرن سیمی 27 11 52 4
دیوندر بشو 24.5 2 65 4
برینڈن نیش 1 0 6 0

 

ویسٹ انڈیز ویسٹ انڈیز دوسری اننگز (ہدف 326 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے
ایڈرین بارتھ ک رائنا ب کمار 38 36 4 2
لینڈل سیمنز ب شرما 27 41 3 1
رامنریش سروان ک کوہلی ب شرما 0 2 0 0
ڈیرن براوو ب کمار 41 89 7 0
شیونرائن چندرپال ک رائنا ب کمار 30 73 4 0
برینڈن نیش ایل بی ڈبلیو ب مشرا 9 36 0 00
کارلٹن با ک کوہلی ب ہربھجن سنگھ 0 4 0 0
ڈیرن سیمی ک لکشمن ب مشرا 25 11 1 3
روی رامپال ک دھونی ب شرما 34 32 6 1
فیڈل ایڈورڈز ناٹ آؤٹ 15 54 1 0
دیوندر بشو ب رائنا 26 33 2 1
فاضل رنز (ب 1، ل ب 13، و 2، ن ب 1) 17
کل رنز 68.2 اوورز؛ تمام کھلاڑی آؤٹ 262 رنز

 

بھارت باؤلنگ اوورز میڈنز رنز وکٹیں
پروین کمار 16 3 42 3
ایشانت شرما 17 3 81 3
امیت مشرا 13 1 62 2
ہربھجن سنگھ 16 3 54 1
سریش رائنا 6.2 1 9 1