دورۂ بنگلہ دیش، نوعمر سے بزرگ تک سب انگلش اسکواڈ میں

0 1,064

گزشتہ ڈیڑھ سال میں جو بھی بنگلہ دیش گیا ہے، "بہت بے آبرو ہو کر" نکالا گیا ہے۔ پاکستان سے لے کر بھارت اور جنوبی افریقہ سے لے کر زمبابوے تک، سب کو بری طرح شکستیں ہوئی ہیں۔ ان حالات میں انگلستان کے لیے دورۂ بنگلہ دیش ہر گز آسان نہیں خاص طور پر اگر دورے پر ہچکچاہٹ کا نفسیاتی دباؤ بھی شامل کرلیں تو۔ ایک روزہ کپتان ایون مورگن اور ان فارم بلے باز ایلکس ہیلز دونوں نے بنگلہ دیش جانے سے انکار کردیا ہے۔ اس فیصلے نے جہاں متعدد کھلاڑیوں کے لیے ٹیم کے دروازے کھولے ہیں، وہیں پر ایک مشکل دورے پر کارکردگی پیش کرنے کی توقعات کا بوجھ بھی ڈال دیا ہے۔

انگلستان نے دورۂ بنگلہ دیش کے خلاف 17 رکنی ٹیسٹ اور 15 رکنی ایک روزہ دستہ کا اعلان کردیا ہے جس میں اہم لیکن متوقع اضافہ 19 سالہ اوپنر حسیب حمید کا ہے جنہیں پہلی بار ٹیسٹ میں جگہ دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نارتھمپٹن شائر کے بین ڈکٹ بھی دونوں دستوں میں شامل ہیں، جو پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں توقعات کے باوجود نہیں کھیلے تھے۔

Gareth-Batty

بنگلہ دیش میں اسپن گیندبازوں کے لیے متوقع مدد کے پیش نظر انگلستان نے ٹیسٹ دستے میں چار اسپن گیندبازوں کو شامل کیا ہے جن میں سرے سے کھیلنے والے نوجوان ظفر انصاری اور ان کے ساتھی گیرتھ بیٹی شامل ہیں۔ بیٹی 2005ء کے بعد پہلی بار کوئی ٹیسٹ مقابلہ کھیلیں گے۔ 38 سالہ گیندباز نے اپنے 7 ٹیسٹ میچز میں سے آخری مقابلہ جون 2005ء میں بنگلہ دیش ہی کے خلاف کھیلا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے دو سال قبل اپنا پہلا ٹیسٹ بھی بنگلہ دیش ہی کے خلاف کھیلا تھا۔ ان کے ساتھ معین علی اور عادل رشید بھی ہوں گے جو اس وقت انگلستان کے دستے کا مستقل حصہ ہیں۔

ایک اور واپسی جوس بٹلر کی بھی ہے جو ایک سال بعد ٹیسٹ دستے میں کھیلیں گے۔ وہ تین مقابلوں کی ایک روزہ سیریز میں کپتان بھی ہوں گے کیونکہ ایون مورگن نے بنگلہ دیش کے دورے سے انکار کردیا ہے۔ البتہ ٹیسٹ کپتان ایلسٹر کک بنگلہ دیش کے لیے تیار ہیں تاہم اپنی اہلیہ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے تاخیر سے پہنچیں گے۔ وہ 20 اکتوبر کو چٹاگانگ میں پہلے ٹیسٹ سے قبل آئیں گے۔

اعلان کردہ ٹیسٹ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ایلسٹر کک (کپتان)، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، بین اسٹوکس، بین ڈکٹ، جانی بیئرسٹو، جو روٹ، جوس بٹلر، جیمز اینڈرسن، حسیب حمید، ظفر انصاری، عادل رشید، کرس ووکس، گیرتھ بیٹی، گیری بیلنس، مارک ووڈ اور معین علی۔

ایک روزہ دستے میں یہ کھلاڑی شامل ہوں گے:

جوس بٹلر (کپتان)، بین اسٹوکس، بین ڈکٹ، جانی بیئرسٹو، جیسن روئے، جیک بال، جیمز ونس، ڈیوڈ ولی، سیم بلنگز، عادل رشید، کرس ووکس، لیام پلنکٹ، لیام ڈاسن، مارک ووڈ اور معین علی۔