ویسٹ انڈیز کو ایک اور دھچکا، رسل بھی باہر
ویسٹ انڈیز پاکستان سے مقابلے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچ چکا ہے لیکن ورلڈ چیمپئن کو تجربہ کار کھلاڑیوں کے بغیر ادھورا اسکواڈ ہی دستیاب ہے۔ کرس گیل اور لینڈل سیمنز تو پہلے ہی سیریز سے الگ ہو چکے تھے، اب آندرے رسل جیسے کھلاڑی نے بھی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے آندرے رسل کی عدم شرکت کی تصدیق کردی ہے اور ان کے متبادل کے طور پر 26 سالہ تیز گیندباز کیسرک ولیمز کو بین الااقوامی کرکٹ کیریئر کے آغاز کا موقع فراہم کیا ہے۔
کیسرک ولیمز کو کیربین پریمیئر لیگ میں دوسری بار مرتبہ چیمپئن بننے والے جمیکا ٹلاواز کی طرف سے شاندار کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ولیمز نے سی پی ایل میں 17 وکٹیں حاصل کرکے جیت میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر ولیمز کو اگلے ماہ سری لنکا کے دورے میں ویسٹ انڈیز 'اے' کی نمائندگی کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آندرے رسل ویسٹ انڈیز کے دستے کے اہم ترین آل راؤنڈر ہے جنہوں نے رواں سال ویسٹ انڈیز کے لیے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والے نمایاں کردار ادا کیا تھا، اس لیے ان کی عدم موجودگی سے ویسٹ انڈیز جہاں مزید کمزور ہو جائے گا، وہیں سیریز کا رنگ بھی پھیکا پڑنے کا امکان ہے۔
پاک-ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا مقابلہ 23 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔