کرکٹ تاریخ کا سب سے لمبا چھکا کون سا؟

0 6,522

آسٹریلیا کے سابق کھلاڑی مرو ہیوز نے ایک بار کہا تھا کہ میں نے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے ایک بار ایسا شاٹ مارا تھا کہ گیند گریٹ سدرن اسٹینڈ کی چھت پر جا گری تھی۔ وہ الگ بات کہ اسٹینڈ اس وقت زیر تعمیر تھا اور چھت کا پینل زمین پر پڑا ہوا تھا۔ بس ہیوز ایسے ہی چٹکلے چھوڑتے رہتے تھے لیکن یہ سوال ضرور بنتا ہے کہ کرکٹ تاریخ میں سب سے لمبا شاٹ مارنے کا اعزاز کس بلے باز کے پاس ہے؟ یہ جتنا دلچسپ سوال ہے، اتنا ہی مشکل بھی ہے۔

اب آپ ذرا “longest six” کرکے گوگل پر سرچ کریں۔ نتائج میں پتہ چلے گا کہ یہ سوال ایسا ہے جو ہزاروں بلکہ لاکھوں بار پوچھا گیا ہے اور لوگ اپنی معلومات کے مطابق جواب دیتے رہتے ہیں لیکن زیادہ تر میں مبالغہ آرائی صاف نظر آتی ہے۔

بعض کرکٹ شائقین کا دعویٰ ہے کہ سب سے طویل چھکا مارنے کا اعزاز شاہد آفریدی کے پاس ہے جنہوں نے 158 میٹرز یا 160 میٹرز طویل شاٹ مارا تھا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ 1856ء میں فیلوز نامی کرکٹر نے 160 میٹرز طویل چھکا رسید کیا تھا۔ تاہم کرکٹ مورخین اس دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ یہ شاٹ پریکٹس کے دوران مارا گیا تھا اور اسے ایک نئی طرز کے بلے کی اشتہار بازی کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ یہ تشہیری مقصد اس دعوے کو مزید مشکوک بناتا ہے۔ تو آخر سب سے طویل شاٹ کس نے کھیلا تھا؟

shahid-afridi2

کرکٹ مورخ، جیرالڈ بروڈریب نے اپنی کتاب ’ہٹ فار سکس‘ میں فیلوز کے مذکورہ بالا ریکارڈ کو مشکوک قرار دیا ہے، تاہم وہ سی آئی تھورٹن اور دوسرے کھلاڑیوں کا ذکر بھی کرتے ہیں جنہوں نے 154 میٹرز تک طویل شاٹ کھیلے۔ لیکن ایسے زیادہ تر دعووں کا تعلق انیسویں صدی سے ہے۔ بیسویں صدی شروع ہونے کے بعد طویل ترین شاٹ کھیلنے کے دعووں میں بے حد کمی آگئی۔ یہ امر پرانے دعووں کو مزید مشکوک قرار دینے پر اکساتا ہے۔ نہ صرف یہ کہ آج سے تیس سال پہلے کے بلے باز آج کے مقابلے میں کم جسمانی تربیت اور طاقت کے حامل تھے، بلکہ اس زمانے میں بلے بھی خاصے بھاری ہوا کرتے تھے۔ تو کیا وجہ ہے کہ جب عصرِ حاضر کے باز جسمانی اعتبار سے زیادہ فٹ ہیں اور ان کے بلے بھی ہلکے اور عمدہ ہیں تو وہ اس قدر طویل شاٹ نہیں کھیل پارہے جتنا ماضی میں دعوے کیے جاتے رہے ہیں۔

طویل ترین شاٹ کھیلنے کے دعووں میں مبالغہ آرائی کی ایک مثال ملاحظہ ہو۔ کہا جاتا ہے کہ تھورٹن نے کیمبرج یونیورسٹی کے کرکٹ گراؤنڈ پر 105 گز طویل شاٹ کھیلا تھا، لیکن اس دعوے کی جانچ کی جائے تو واضح ہوتا ہے کہ وہ شاٹ 90 گز سے زیادہ طویل نہیں ہوسکتا تھا کیونکہ اس صورت میں گیند میدان سے باہر جاگرتی۔ تھورٹن سے متعلق دوسرے دعووں کے ساتھ بھی ایسی ہی کچھ صورتحال نظر آتی ہے۔

یہ مبالغہ آرائیاں ہمیں موجودہ دور میں بھی نظر آتی ہیں۔ مثال کے طور پر شاہد آفریدی کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ انہوں نے پرتھ میں 160 میٹرز طویل چھکا مارا تھا جو دنیائے کرکٹ کی تاریخ کا ریکارڈ ہے۔

لیکن مارک واہ نے اسی میدان پر ایک ایسا شاٹ کھیلا تھا کہ گیند مخالف اسٹینڈ کی چھت پر جاگری تھی۔ لہٰذا شاہد آفریدی کا وہ شاٹ کرکٹ کی تاریخ کا طویل ترین شاٹ تو کیا، اس گراؤنڈ کا ریکارڈ بھی نہیں مانا جاسکتا۔ اسی طرح آفریدی کا ایک اور شاٹ دیکھیے:

اگر وکٹ سے گیند کے گرنے کے مقام تک کا فاصلہ بھی ناپا جائے اور تمام تر عوامل بھی گن لیے جائیں تو بھی یہ شاٹ 130 میٹرز سے طویل نہیں تھا۔

2012ء میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے ویلنگٹن میں جنوبی افریقہ کے خلاف تقریباً 127 میٹر طویل چھکا مارا تھا۔

جبکہ آئی پی ایل میں آسٹریلوی بلے باز ایڈم گلکرسٹ نے 2011ء میں 122 میٹر طویل ایلبی مورکل نے 2008ء میں 124 میٹرز طویل شاٹ کھیلا تھا۔

آخر میں، ایک دلچسپ دعوے کا ذکر۔ 1932ء میں ایجبسٹن میں بھارتی کپتان سی کے نائیڈو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے اتنا طویل شاٹ کھیلا کہ گیند دریا پار کرتے ہوئے دوسرے علاقے میں جاگری۔ دوسری طرف اعداد و شمار کے مطابق، 1947ء سے 1990ء کے دوران آسٹریلیا کے بڑے کرکٹ میدانوں پر بھارتی ٹیم نے 20 ٹیسٹ مقابلے کھیلے اور بھارتی بلے بازوں کے بلے صرف چار چھکے مار سکے۔

طویل ترین شاٹ کھیلنے کے دعوے کئی ہیں لیکن اعداد و شمار دستیاب نہ ہونے یا ویڈیو ثبوت نہ ہونے کے باعث ان کی تصدیق خاصی مشکل ہے۔ بہرحال، اگر 130 میٹرز طویل شاٹ مارنا آسان ہوتے تو آج کے طاقت ور بلے بازوں کے جدید بلوں سے ایسے شاٹ کثرت سے نظر آتے۔ البتہ یہ اعتراف ضروری ہے کہ ماضی کے بلے بازوں نے اپنے بھاری بلوں سے جو چھکے رسید کیے، وہ قابلِ قدر اور قابلِ دید رہے ہوں گے۔

یہ مضمون ESPNCricinfo کے لیے لکھے گئے چارلس ڈیوس کے مضمون سے اخذ کیا گیا ہے۔

AB-de-Villiers