بھارت اور چیمپیئنز ٹرافی معاملات، میزبان انگلستان پریشان

0 2,329

پاک-بھارت تعلقات میں کشیدگی اور بھارتی کرکٹ بورڈ اور عدالت کے درمیان جاری معاملات نہ صرف ملکی کرکٹ کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ اب اس کے اثرات بین الاقوامی کرکٹ پر بھی پڑنے والے ہیں۔ اب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حکام اگلے ہفتے اپنے بھارتی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے تاکہ اگلے سال چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت کے حوالے سے شبہات دور کر سکیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے ملک کی عدالت عظمیٰ کے ساتھ معاملات میں پھنس چکا ہے جس نے انڈین پریمیئر لیگ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن مرتب کر رکھا ہے۔ اس پر طرّہ پاکستان کے ساتھ سیاسی میدان پر کشیدگی ہے، جس نے اب کرکٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چیمپیئنز ٹرافی جیسے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں بھی بھارتی ٹیم کو پاکستان کے گروپ میں نہ رکھے۔ اب میزبان انگلستان پریشان ہے کہ اگلے سال 4 جون کو چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کا مقابلہ کرنا ہے۔ اس مقابلے کے ٹکٹ تک فروخت ہو چکے ہیں اور نشریات کاروں کو اس میچ سے بھاری آمدنی کی توقع ہے اور مقابلے کے بارے میں اب کچھ یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے چیمپیئنز ٹرافی اور آئی پی ایل میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا کیونکہ عدالت کے مقرر کردہ لودھا کمیشن کے مطابق آئی پی ایل سے پہلے اور بعد میں 15 دن کا وقفہ ہونا چاہیے۔

آئی پی ایل عام طور پر مئی کے اختتام پر مکمل ہوتی ہے جبکہ چیمپیئنز ٹرافی اس کے اگلے ہفتے شروع ہوگی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ بھارت چیمپیئنز ٹرافی کھیل پائے گا یا نہیں۔ اگر ہم لودھا کمیٹی کے فیصلوں پر گئے تو ہمیں آئی پی ایل یا چیمپیئنز ٹرافی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انوراگ پارلیمان کے رکن بھی ہیں اور خطرہ ہے کہ بھارتی بورڈ میں سیاست کا اثر و رسوخ بڑھتا چلا جائے گا۔ اس لیے انتظامیہ کو تشویش ہے کہ مسئلہ کشمیر چیمپیئنز ٹرافی کو بھی متاثر کر سکتا ہے کیونکہ غیر مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت نے دوسرے گروپ میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن اور بورڈ کے صدر جائلز کلارک اگلے ہفتے کیپ ٹاؤن میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے سہ ماہی اجلاس میں بی سی سی آئی حکام سے ملاقات کریں گے۔