پی ایس ایل2: کراچی کنگز نے تین بڑے ناموں کا اعلان کردیا

0 1,205

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کے آغاز میں ابھی کم از کم چار ماہ باقی ہیں لیکن تیاریاں ابھی سے عروج پر پہنچ گئی ہیں کیونکہ اکتوبر دراصل "ڈرافٹ" کا مہینہ ہے یعنی تمام فرنچائز اپنی ٹیموں کو حتمی شکل دیں گی اور ہمیں ابھی سے دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ایک طرف جہاں لاہور قلندرز نے "ٹی ٹوئنٹی ماسٹر" برینڈن میک کولم کے حصول کا فیصلہ کرلیا ہے تو وہیں دوسری ٹیمیں بھی بھی اہم اعلانات کرتی جا رہی ہیں۔

پاکستان معروف میڈیا گروپ 'اے آر وائی' کے مالک سلمان اقبال کی کراچی کنگز پی ایس ایل کے پہلے سیزن کی سب سے مہنگی فرنچائز تھی، لیکن بدقسمتی سے نمایاں کارکردگی پیش نہ کر سکی۔ مگر اب لگتا ہے کہ وہ غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے دوسرے سیزن کے لئے بہتر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

کراچی کنگز کی نئی حکمت عملی کی پہلی کڑی محدود کرکٹ کے موثر ترین بلے باز کرس گیل کا حصول ہے۔ گیل پی ایس ایل1 میں لاہور قلندرز کا حصہ تھے۔ کراچی نے سہیل تنویر کے بدلے گیل کو لاہور سے حاصل کیا ہے۔ یہ بہت بڑا فیصلہ ہے اور ہو سکتا ہے کہ اگلے سیزن کے نتیجے پر بہت اثر انداز ہو۔ یہی نہیں کراچی نے سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے حاصل کیا ہے۔ وہ اگلے سیزن میں کراچی کے گرو کا کردار بھی ادا کریں گے۔ کراچی کا تیسرا اہم اعلان اسلام آباد یونائیٹڈ سے بابر اعظم کو منتقل کروانا ہے، جو ابھی ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تین سنچریاں بنا کر ویسے ہی ساتویں آسمان پر ہیں۔ بابر اعظم کے حصول کے بدلے کراچی کنگز نے ڈرافٹ میں اپنی پہلی باری اسلام آباد یونائیٹڈ کو دے دی ہے۔ کراچی کیونکہ پچھلے سیزن میں چوتھے نمبر پر آیا تھا اس لیے ڈرافٹ میں اسے کھلاڑی کے انتخاب میں دوسری باری ملے گی، جو اب اسلام آباد لے گا۔

gayle-sohail-tanvir

پی ایس ایل کے پہلے سیزن میں کراچی کنگز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن تھی۔ وہ صرف روایتی حریف لاہور کے خلاف دو مقابلے جیت سکی اور بقیہ تمام میچز میں شکست کھائی۔ نتائج سے مایوسی کے بعد شعیب ملک نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد کپتانی روی بوپارا کو دی گئی تھی۔ اب عین ممکن ہے کہ اگلے سیزن میں یہ فریضہ کمار سنگاکارا انجام دیں۔

ٹیم انتظامیہ میں مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ معاون کوچ کے لیے اظہر محمود کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سلیم ملک اور راشد لطیف ٹیم کے مشاورتی بورڈ کا حصہ ہوں گے۔

کراچی کنگز نے حال ہی میں "کھلاڑی کی کھوج" کے نام سے نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش بھی شروع کی ہے تاکہ بالکل نچلی سطح سے لائق کھلاڑیوں کو چنا جا سکے اور ان کی تربیت کرکے انہیں مستقبل کے لیے تیار کیا جائے۔ سلمان اقبال کے مطابق اس پروگرام میں نوجوانوں کی دلچسپی دیکھ کر بہت حوصلہ ملا اور ہم نئے خون کو مواقع دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں کراچی کنگز پر پہلے سے زیادہ اعتماد اور یقین ہے، یہ ٹیم بلند جذبوں کے ساتھ میدان میں اترے گی اور نئی تاریخ رقم کرے گی۔

پی ایس ایل کا دوسرا سیزن فروری 2017ء میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا اور اس کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل 18 اور 19 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل2 کے کچھ مقابلے پاکستان میں کروائے جائیں۔ اب دیکھتے ہیں کہ وہ اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔

karachi-kings-gayle-babar-sanga