مکی آرتھر کوہلی کے مداح نکلے

0 1,044

جدید کرکٹ میں جس کھلاڑی نے بلے بازی کو عروج بخشا ہے، وہ بلاشبہ بھارت کا ویراٹ کوہلی ہے۔ 28 سالہ بیٹسمین نے تینوں طرز کے کھیل میں تسلسل کے ساتھ رنز بنا کر خود کو "رنز مشین" کے طور پر منوایا ہے اور یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ موجودہ بھارتی ٹیم میں کوہلی کی اہمیت وہی ہے جو انسانی جسم میں ریڑھ کی ہڈی کی ہے۔

ہم عصر کھلاڑی تو کوہلی کی صلاحیتوں کے متعرف ہیں ہی، لیکن سابقین بھی پیچھے نہیں۔ لیکن کوہلی کے مداحوں میں پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی شامل ہیں، یہ بات معلوم نہیں تھی۔ برطانوی روزنامے 'ٹیلی گراف' کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ دائیں ہاتھ کے بلے بازوں کو یہی کہتا ہوں کہ وہ وقت نکال کر کوہلی کی بیٹنگ غور سے دیکھا کریں، کیونکہ وہ غیر معمولی صلاحیت کا حامل بلے باز ہے۔ مجھے تو جب بھی وقت ملتا ہے ویراٹ کی بیٹنگ دیکھتا ہوں اور خوب محظوظ ہوتا ہوں۔

ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کوچنگ کرنے والے مکی آرتھر کہتے ہیں کہ خاص طور پر دو سال پہلے ایڈیلیڈ کا وہ ٹیسٹ میچ مجھے یاد رہتا ہے، جب کوہلی نے پہلی اننگز میں 115 جبکہ دوسری میں شاندار 141 رنز بنا بھارت کو فتح کے قریب پہنچا دیا تھا، بس وہ جیت نہیں سکا۔ لیکن اسی سیریز میں کوہلی نے خود کو دھونی کی جگہ قیادت کا متبادل ثابت کردیا تھا۔ میرے نزدیک کوہلی غیر معمولی بلے باز ہے اور ابراہم ڈی ولیئرز بھی، جو روٹ بہت اچھے اور ڈیوڈ وارنر شاندار بیٹسمین ہیں۔

مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا جب سے کوہلی کپتان بنے ہیں، انہوں نے ٹیم میں نیا جوش بھر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی ٹیم نے سری لنکا، ویسٹ انڈیز ، جنوبی افریقہ اور اب نیوزی لینڈ کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا ہے۔ مسلسل 13 مقابلوں سے ناقابل شکست رہ کر عظیم مثال قائم کی ہے جبکہ اس سیزن کے پانچ میچز ابھی باقی ہیں۔

mickey-arthur