سال 2016ء اور رنز کی دوڑ

0 1,145

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے انتہائی یکطرفہ ایک روزہ مقابلے اور بنگلہ دیش اور انگلستان کی سیریز کئی پیچ و تاب کھانے کے بعد اپنے اختتام کو پہنچی ہیں لیکن کرکٹ کے حقیقی شائقین کو ان دونوں سے زیادہ دلچسپی دنیائے کرکٹ کی دو سب سے زیادہ مستقل مزاج ٹیموں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ایک روزہ سیریز سے تھی۔ اس پر خوشی کا اظہار کیا جائے یا افسوس کہ سیریز میں جنوبی افریقہ نے پانچ-صفر سے کامیابی حاصل کرکے آسٹریلیا کو تاریخ میں پہلے کلین سویپ سے دوچار کیا۔ پوری سیریز میں ایک، دو میچز ہی ایسے تھے جن میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ جنوبی افریقہ کی تاریخی کامیابی نے سیریز کے کئی پہلوؤں کو چھپا دیا جیسا کہ آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی کارکردگی کو۔

سیریز میں وارنر نے پانچ مقابلوں میں 77 کے اوسط سے 386 رنز بنائے۔ اس میں 173 رنز کی طوفانی اننگز سمیت دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔ فتوحات سے خالی اس بلے بازی نے وارنر کو ایک سنگ میل ضرور عبور کروایا۔ اب جبکہ 2016ء کا بڑا حصہ گزر چکا ہے، وارنر اس سال ایک ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔

ڈیوڈ وارنر نے سال کا آغاز بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز میں تین میچز کے ذریعے کیا تھا جہاں انہوں نے 73 کے اوسط سے 220 رنز بنائے۔ دورۂ نیوزی لینڈ کی ناکامی کے پورے بدلے انہوں نے ویسٹ انڈیز میں سہ فریقی سیریز میں لیے جہاں تین میچز میں 82 کے اوسط سے 165 رنز بنائے۔ سری لنکا کے دورے پر قیادت کا بوجھ وارنر کو جھکا گیا لیکن ایک سنچری کے ذریعے انہوں نے آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ پھر جنوبی افریقہ کی اس مشکل سیریز میں جہاں ٹیم کو تو کامیابی نہ ملی لیکن وارنر 'سدا بہار' رہے۔ جن دو مقابلوں میں انہوں نے سنچریاں بنائیں، آسٹریلیا انہی میں فتح کے قریب پہنچا۔

رواں سال اب تک 20 مقابلوں میں ڈیوڈ وارنر 1089 رنز بنا چکے ہیں۔ 57.31 کے اوسط اور 104 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے گئے ان رنز میں پانچ سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یوں وہ رواں سال تمام ون ڈے بیٹسمینوں میں سب سے آگے ہیں۔

David-Warner

سال 2016ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے 10 بلے بازوں میں ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے۔ وارنر اور اسمتھ پہلی دونوں پوزیشنوں پر قابض ہیں جبکہ جارج بیلی اور آرون فنچ کا نام بھی فہرست میں موجود ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کا کون سا بلے باز شامل ہے؟ ذرا نیچے دیکھیں، شاید آپ کو حیرت ہو۔

سال 2016ء میں سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
ڈیوڈ وارنر 20 1089 173 57.31 104.31 5 4
اسٹیون اسمتھ 23 918 149 45.90 87.09 6 1
کوئنٹن ڈی کوک 17 857 178 57.13 108.61 3 3
جو روٹ 15 796 125 61.23 91.81 2 6
جارج بیلی 24 768 112 38.40 81.44 1 5
ایلکس ہیلز 14 743 171 61.91 101.36 3 4
بابر اعظم 11 656 123 59.63 95.21 3 2
دنیش چندیمال 14 656 102 59.63 77.72 2 6
جیسن روئے 17 647 162 43.13 108.01 2 2
آرون فنچ 22 633 107 31.65 96.93 1 5