ریکارڈ توڑ، ریکارڈ ساز یاسر شاہ، تیز ترین 100 وکٹیں
پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دبئی میں جاری تاریخی ٹیسٹ مقابلے میں اپنا 100 واں شکار کرلیا ہے اور یوں وہ سب سے کم مقابلوں میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔
یہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ یاسر شاہ کا 17 واں میچ ہے جس میں انہوں نے حریف ویسٹ انڈیز کی اننگز کے دوران میگوئیل کمنز کو بولڈ کرکے اپنی 100 ویں حاصل کی اور ایک سجدے کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں شکر ادا کیا۔ وہ جارج لومین کے بعد سب سے کم میچز میں 100 وکٹیں لینے والے گیندباز بن گئے ہیں۔
انگلستان کے جارج لومین نے مارچ 1896ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں اپنا 100 واں شکار کیا تھا جو ان کا محض 16 واں میچ تھا۔ یہ ریکارڈ آج 120 سال گزر جانے کے بعد بھی قائم ہے۔ کئی باؤلرز اس ریکارڈ کے کافی قریب آئے جن میں یاسر شاہ کے علاوہ آسٹریلیا کے چارلی ٹرنر اور ان کے ہم وطن عظیم بارلی کلیری گریمٹ بھی شامل تھے۔ انگلستان کے سڈنی بارنیس نے بھی 17 ہی مقابلوں میں اپنی 100 ویں وکٹ حاصل کی لیکن کوئی بھی 16 ویں مقابلے میں اس سنگ میل کو عبور نہیں کر سکا۔
ماضی قریب میں یاسر سے قبل اس ریکارڈ کے لیے خطرہ بننے والے بھارت کے روی چندر آشون تھے۔ انہوں نے نومبر 2013ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یادگار ممبئی ٹیسٹ میں اپنا 100 واں شکار حاصل کیا تھا لیکن وہ ان کا 18 واں ٹیسٹ تھا۔
یوں یاسر شاہ نے نہ صرف سب سے کم مقابلوں میں 100 شکار مکمل کرنے کا قومی ریکارڈ توڑا ہے بلکہ کسی بھی ایشیائی گیندباز سے کم ٹیسٹ میچز میں یہ ہدف حاصل کیا ہے۔ پاکستان کے لیے یہ ریکارڈ سعید اجمل نے جنوری 2012ء میں یادگار ابوظہبی ٹیسٹ میں قائم کیا تھا جو ان کا محض 19 واں مقابلہ تھا۔
یاسر شاہ نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں 121 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو کیریئر میں ساتواں موقع ہے کہ انہوں نے اننگز میں پانچ یا زیادہ وکٹیں حاصل کی ہوں۔
سب سے کم ٹیسٹ مقابلوں میں 100 وکٹیں لینے والے گیندبازوں میں کون کون شامل ہے، یہاں دیکھیں:
سب سے کم ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں لینے والے باؤلرز
گیندباز | مقابلے | دورانیہ | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
جارج لومین | 16 | 9 سال 241 دن | جنوبی افریقہ | جوہانسبرگ | 2 مارچ 1896ء |
گلین ٹرنر | 17 | 8 سال 4 دن | انگلستان | سڈنی | یکم فروری 1895ء |
سڈنی بارنیس | 17 | 23 فروری 1912ء | آسٹریلیا | سڈنی | 23 فروری 1912ء |
کلیری گریمٹ | 17 | 5 سال 323 دن | ویسٹ انڈیز | برسبین | 16 جنوری 1931ء |
یاسر شاہ | 17 | 1 سال 357 دن | ویسٹ انڈیز | دبئی | 16 اکتوبر 2016ء |
روی چندر آشون | 18 | 2 سال 8 دن | ویسٹ انڈیز | ممبئی | 14 نومبر 2013ء |