دھونی 9 ہزاری منصب پر

0 2,554

بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ ایک اور سنگ میل بھی عبور کیا۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں 9 ہزار رنز مکمل کرنے والے تاریخ کے تیسرے وکٹ کیپر بنے اور یہ کارنامہ کسی بھی وکٹ کیپر کے مقابلے میں سب سے کم اننگز میں انجام دیا ہے۔

موہالی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میں 286 رنز کے تعاقب میں دھونی نے 80 رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلی اور بھارت کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ ویراٹ کوہلی کے ساتھ 151 رنز کی شراکت داری نیوزی لینڈ کو زیر کرنے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔ بعد ازاں بھارت نے مقابلہ باآسانی 7 وکٹوں سے جیتا۔

دھونی نے کسی بھی وکٹ کیپر بیٹسمین سے کم وقت میں، صرف 244 اننگز میں 9 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ ان سے پہلے یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ کے پاس تھا کہ جنہوں نے اپریل 2007ء میں ایک بہت ہی تاریخی موقع پر یہ ہندسہ عبور کیا تھا۔ ورلڈ کپ 2007ء کے فائنل میں 104 گیندوں پر 149 رنز کی طوفانی اننگز کے دوران۔ یہ گلکرسٹ کے ایک روزہ کیریئر کی 261 ویں اننگز تھی۔

گلکرسٹ کے علاوہ جس بلے باز نے 9 ہزار کا ہندسہ عبور کیا وہ سری لنکا کے عظیم بیٹسمین کمار سنگاکارا تھے۔ وہ ورلڈ کپ 2011ء کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اس مقام سے گزرے۔ یہ کمار کی 270 ویں اننگز تھی۔

لیکن دھونی نے یہ کارنامہ صرف 244 اننگز میں انجام دیا۔ گو کہ وہ ہم وطن سارو گانگلی کا 228 اننگز میں 9 ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے لیکن 'تیز ترین 9 ہزاریوں' میں صرف چھٹے نمبر پر ہیں۔ پھر دھونی کا ایک اور کارنامہ یہ ہے کہ وہ 50 یا اس سے زیادہ کے اوسط کے ساتھ 9 ہزار بنانے والے پہلے بلے باز ہیں۔ ان سے پہلے 9 ہزار رنز تک پہنچنے کے لیے ژاک کیلس کا 45.68 کا اوسط بہترین تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے بعد صرف محدود اوورز کے مقابلوں تک محدود ہونے سے دھونی کے سحر میں کمی ضرور واقع ہوئی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ سچن تنڈولکر کے بعد اگر کسی کھلاڑی کو بھارت میں اعلیٰ ترین درجہ حاصل ہے، وہ دھونی ہیں۔ اب 9 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرکے انہوں نے اس پر مہر تصدیق بھی ثبت کردی ہے۔

ایک روزہ میں 9 ہزار رنز بنانے والے وکٹ کیپر

بلے باز میچز رنز بہترین اننگز اوسط اسٹرائیک ریٹ سنچریاں نصف سنچریاں
کمار سنگاکارا 360 13341 169 43.74 80.15 23 91
ایڈم گلکرسٹ 282 9410 172 35.64 96.94 16 53
مہندر سنگھ دھونی 281 9058 183* 51.17 89.07 9 61