ایک بار پھر "بدنام زمانہ" سلیوٹ، لیکن تعلقات بدستور خوشگوار

0 1,116

گزشتہ سال انگلستان-ویسٹ انڈیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں جب بین اسٹوکس ناکام ہوکر میدان سے واپس آ رہے تھے تو مارلون سیموئلز نے انہیں سلیوٹ کیا تھا۔ یہ "سلامی" اسٹوکس کو بہت ناگوار گزری تھی اور وہ بڑبڑاتے ہوئے سیموئلز کے پاس سے گزرے تھے۔ پھر بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ان پرانے زخموں کو شکیب الحسن نے بھی تازہ کردیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ اس کے باوجود اسٹوکس اور شکیب کے درمیان تعلقات کافی خوشگوار دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہےکہ اسٹوکس نے دورے کا اختتام نیک خواہشات اور خیر سگالی کے اظہار کے ساتھ کیا ہے۔

سیریز کے دوران اسٹوکس کو 15 فیصد میچ فیس کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا لیکن مجموعی طور پر ان کی کارکردگی بہت عمدہ رہی۔ ایک-ایک سے برابر ہونے والی سیریز میں اسٹوکس انگلستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی رہے۔ تین ایک روزہ مقابلوں میں بھی وہ کامیاب بلے باز ثابت ہوئے۔ شاید یہی کامیابیاں تھیں جنھوں نے اسٹوکس کے لیے شکیب کے سلیوٹ کو غیر اہم بنادیا۔ یہی وجہ ہے کہ بگ بیش لیگ 4 میں ملبورن رینی گیڈز میں ایک ساتھ کھیلنے والے اسٹوکس اور شکیب کے درمیان تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

اسٹوکس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں شاندار ٹیسٹ و ایک روزہ سیریز کے انعقاد پر بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی اور عوام کو سلیوٹ کیا اور شکیب کو ٹیگ کیا۔ جوابی ٹوئٹ میں شکیب نے انھیں ایک اچھا ساتھی قرار دیا۔ اس پر اسٹوکس نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہتر ساتھی تبھی بن سکیں گے، جب تم مجھے آؤٹ کرنا چھوڑ دو۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مختلف مواقع پر نوک جھونک اور جھڑپ کے مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ ایک روزہ سیریز کے تیسرے میچ کے اختتام پر جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملا رہے تھے، تب تمیم اقبال اور جانی بیئرسٹو کے درمیان تلخی پیدا ہوئی تھی۔ اس موقع پر بیئرسٹو کے دفاع کے لیے اسٹوکس سامنے آئے تھے لیکن شکیب نے آگے بڑھ کر بیچ بچاؤ کی کوشش کی۔ اس سے پہلے دوسرے ایک روزہ مقابلے میں جب جوس بٹلر آؤٹ ہوئے تھے تو بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کے جشن پر انھوں نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔میرپور میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں اسٹوکس بنگلہ دیشی بلے باز شبیر رحمٰن سے الجھ پڑے تھے اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ نتیجتاً، آئی سی سی کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی پر ان پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

اب انگلستان پانچ ٹیسٹ مقابلوں پر مشتمل سیریز کے لیے بھارت کا رخ کرے گا جس کا آغاز 9 نومبر کو راجکوٹ میں ہوگا۔

Ben-Stokes