برینڈن ٹیلر زمبابوے کے نئے کپتان مقرر

1 1,027

برینڈن ٹیلر کو زمبابوے کا نیا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

برینڈن ٹیلر 5 سال بعد زمبابوے کے پہلے سفید فام کپتان ہوں گے

نئے قائد کو درپیش پہلا چیلنج ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی 'اے' ٹیموں کے خلاف سیریز ہوگی جس کا آغاز 29 جون کو ہرارے میں آسٹریلیا 'اے' کے خلاف میچ سے ہو رہا ہے۔

برینڈن ٹیلر ایلٹن چگمبورا کی جگہ زمبابوے کی قیادت سنبھالیں گے۔ انہیں یہ عہدہ سابق کپتان ٹٹنڈا ٹائبو کی جانب سے قیادت میں عدم دلچسپی کے اظہار کے بعد دیا گیا ہے۔ وہ 2006ء میں ٹیری ڈفن کے بعد قیادت سنبھالنے والے پہلے سفید فام کھلاڑی ہوں گے۔

ٹیلر کو قائد بنانے کی اہم وجوہات میں ان کی حالیہ بیٹنگ فارم اور ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ رکھنا ہے۔ وہ زمبابوے کے معدودے چند کھلاڑیوں میں سے ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ 2006ء میں زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ سے معطلی سے قبل وہ 10 مقابلوں میں قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے تھے۔

زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اوزیس بووتے نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ ٹیلر ایک پختہ وتجربہ کار کھلاڑی کا روپ دھار چکے ہیں اور اس نئے کردار میں انہیں ہماری مکمل مدد حاصل ہوگی۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم 2004ء سے اندرونی خلفشار کا شکار ہے اور یہی وجہ ہے کہ مستقل شکستوں کے بعد 2006ء میں ٹیم کی ٹیسٹ حیثیت معطل کر دی گئی۔ لیکن ایک سفید فام کھلاڑی کو اس کی صلاحیتوں کی بنیاد پر قومی کرکٹ ٹیم کا قائد بنانا درست راہ پر واپسی کی جانب اشارہ دے رہا ہے۔ زمبابوے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آ رہا ہے اور اس طرح کے اقدامات ٹیم کے حوصلوں کو بلند کرنے کا باعث بنیں گے۔